بہرائچ ضلع مجسٹریٹ شمبھو کمار اور پولیس کپتان بہرائچ ڈاکٹر وین کمار شرما نے بھارت نیپال سرحدی علاقے میں کورونا وائرس کے قہر سےنمٹنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا اور ان میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بہرائچ چونکہ نیپال کے سرحدی علاقوں سے متصل ہے اس لیے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے مدنظر ضلع مجسٹریٹ نے بھارت نیپال کے سرحدی علاقے روپیدیہا میں قائم کیے گئے آئیسولیشن وارڈ کا معائنہ کیا۔
بہرائچ سے متصل بھارت-نیپال کے تمام سرحدی علاقوں میں تعینات پولیس اور ایس ایس بی کو خبردار کیا گیا ہے کہ سرحد کی نگرانی میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔
بھارت و نیپال کے شہریوں کے علاوہ دیگر کسی ممالک کے شہریوں اور سیاحوں کے آنے جانے پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق سرحدی ضلع ہونے کی وجہ سے بہرائچ میں ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں اب تک کورونا وائرس کے 206 معاملے سامنے آئے ہیں،جن میں اس وبائی مرض کی زد میں آنے سے 5 لوگوں کی موت ہوگئی۔وہیں نیپال میں کورونا وائرس کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔