مظفر نگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں بروز ہفتہ کو معروف علمی و فلاحی ادارہ شاہ اسلامک لائبریری کے زیر اہتمام سردی کے موسم کی شدید اور ہمت شکن لہر کے چلتے ہوئے بیوہ گان و مفلس اور لاوارث خواتین میں گرم و قیمتی کمبلوں کی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بانی لائبریری قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے کہا کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور لائبریری سے وابستہ اہل خیر حضرات کے تعاون سے امسال سردی کے موسم میں لائبریری کی جانب سے یہ تیسرا مرحلہ ہے کہ غریب و مفلس بچوں و خواتین میں گرم کپڑے اور سوٸٹر جرسی، کمبل بلینکٹ وغیرہ تقسیم کیے جارہے ہیں۔ چونکہ ضرورت مند اور مستحقین، حالات کے ستائے ہوئے لوگوں کی تحقیق اور خبر گیری کی جارہی ہے۔ سرد راتوں میں ایسے غریب گھروں کی تلاش کی جارہی ہے، جس کے نتیجہ میں بہت سے صحیح ضرورت مند سامنے آرہے ہیں۔ جس کے پیش نظر آٸندہ بھی گرم کپڑوں خاص طور پر لحاف کی تقسیم کی ان شاء اللہ کوشش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
مظفرنگر میں کانگریس کی جانب سے مشعل ریلی
علمی و فلاحی خدمات میں ہمہ وقت مصروف عمل رہنے والے قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے لائبریری اور اس کی ذیلی خدماتی ٹیموں کی کوششوں و کاوشوں میں اہل خیر حضرات سے زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ آپ نے لائبریری کے اس تقسیم کے دائرہ کو مزید وسیع کرتے ہوئے اپنے آٸندہ کے ارادوں کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ برادرن وطن کی غریب و پسماندہ بستیوں میں بھی غریب لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ایک بہتر پیغام دیا جاسکے۔ آپ نے عوام خصوصاً مساجد کے منتظمین و مقتدی حضرات سے اپنے اٸمہ کرام کی اس موسم میں خدمت کرنے اور ان کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تیسرے مرحلہ کی تقسیم کے موقع پر شہر کی مشہور سماجی شخصیت حاجی سرفراز خاں صدر آر کے ٹرسٹ اور سماجی خدمت گزار براۓ خواتین محترمہ رانی انصاری صاحبہ و نوجوان صحافی سہیل خان ایڈیٹر ووید وچار ہندی اخبار و یوٹیوب چینل مظفرنگر خاص طور پر موجود رہے۔