رامپور: سماجوادی پارٹی کے رہنما اور رکن اسمبلی اعظم خاں کی سپریم کورٹ سے آخری معاملہ میں ضمانت کے بعد ریاست اترپردیش کے رامپور میں جشن کا ماحول ہے۔ اترپردیش کے سابق وزیر اور سماجوادی پارٹی کے موجودہ رکن اسمبلی اعظم خاں کو سپریم کورٹ سے آخری معاملہ میں ضمانت حاصل ہو جانے کے بعد رامپور میں اعظم خاں کے حامیوں نے مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنی خوشیوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اعظم خاں کے حامی شانی خان نے کہا کہ سچائی کی جیت ہوئی ہے۔ آج صرف رامپور ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے انصاف پسند اور اعظم خاں سے محبت رکھنے والے لوگوں کی درمیان خوشی کی لہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جلد ہی اعظم خاں رامپور پہنچیں گے جہاں ان کا مختلف مقامات پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ Distribution of Sweets on Azam Khan Bail
وہیں اعظم خاں کے کافی قریبی اور ان کے حامی وکی راج ایڈووکیٹ، جنہوں نے رمضان میں اعظم خاں کی رہائی کی دعا کے لئے روزہ رکھا تھا اور ان کے اہل خانہ نے اپنے لہو سے صدر جمہوریہ کو خط لکھ کر اعظم خاں کی رہائی کی مانگ کی تھی، انہوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خاں سے لوگوں کو کتنی محبت ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ صرف ضمانت ہونے پر رامپور میں مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعظم خاں کے رامپور پہنچنے پر ہولی، دیوالی بھی منائی جائے گی اور عید بھی منائی جائے گی۔ وہیں انہوں نے شری رام کے بن باس سے ایودھیا لوٹنے کی تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اعظم خاں کے رامپور واپس لوٹنے پر گھی کے دیے جلائے جائیں گے۔ اسی طرح اعظم خاں کے دیگر حامیوں نے بھی اعظم خاں کی ضمانت منظور ہونے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا اور اپنی خوشیوں کا اظہار کیا۔