علی گڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اپنے پہلے دورے پر سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونی میڈیسن (CCRUM) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر این ظہیر احمد نے فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، اجمل خان طبیہ کالج اور کیمیکل ریسرچ یونٹ (یونانی)، شعبہ کیمسٹری، اے ایم یو کا معائنہ کیا۔ انہوں نے منتخب شعبہ جات کا دورہ کیا جن میں شعبہ علم الادویہ، شعبہ صیدلہ اور اجمل خاں طبیہ کالج اسپتال کا لیچ بینک شامل ہیں۔
طبیہ کالج کے بنیادی ڈھانچے اور کاموں کی تعریف کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد نے تحقیق اور ترقی کے شعبے میں اساتذہ اور یونانی طب میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ سی سی آر یو ایم اشتراک و تعاون کی اپنی اسکیم کے تحت تحقیق کے میدان میں مختلف شعبوں میں مفاہمت نامے پر دستخط کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا ”اجمل خاں طبیہ کالج، یونانی طب کا ایک ممتاز مرکز ہے اور اس ادارے کے نامور اسکالرز نے ماضی میں سی سی آر یو ایم کے ساتھ کام کیا ہے“۔
کیمیکل اور کلینیکل ریسرچ کے شعبے میں نامور حکیم پروفیسر طیب، پروفیسر ظل الرحمٰن، پروفیسر یوسف امین، پروفیسر ایس ایچ آفاق، پروفیسر حکیم اشتیاق، حکیم سید کمال الدین ہمدانی، ڈاکٹر ایم آصف اور دیگر کئی نامور ہستیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہاں کی معیاری اشاعتیں ادارے کا تعارف کرانے کے لیے کافی ہیں۔ سی سی آر یو ایم کے ڈائریکٹر جنرل نے فیکلٹی ممبران کو ای ایم آر اور اشتراکی اسکیموں کے تحت پروجیکٹوں کے لیے درخواست دینے کی دعوت دی۔
مزید پڑھیں: پچیس طلباء کو سر سید گلوبل اسکالر ایوارڈ سے نوازا
اجمل خاں طبیہ کالج اسپتال کے لیچ بینک کے دورے کے دوران ڈاکٹر احمد نے اس کے قیام سے متعلق بنیادی امور کے بارے میں دریافت کیا اور سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسی طرح کے مزید لیچ بینک قائم کریں۔ اجمل خاں طبیہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بدرالدجیٰ خان، پروفیسر شگفتہ علیم، ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن اور پروفیسر عبید اللہ خاں نے دیگر اساتذہ کے ساتھ فیکلٹی آف یونانی میڈیسن میں ڈاکٹر این ظہیر احمد کا خیر مقدم کیا۔