بھارتیہ کسان یونین( تومر) کی ایک اہم میٹنگ سہارنپور کے دیوبند میں منعقد ہوئی۔
بھارتیہ کسان یونین (تومر)کے صدر چودھری سنجیو تومر نے دیوبند ڈاک بنگلے پر منعقدہ میٹنگ میں شریک کارکنان سے کہا کہ زرعی قوانین کے خلاف چلنے والی تحریک میں اب مزید تیزی لائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ تحریک کو مزید تقویت بخشنے کے لئے آئندہ 23فروری کو دیوبند میں ”دیش بچاؤ پنچایت“منعقد کی جائے گی۔انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ 23فروری کو دیش بچاؤ پنچایت میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔
تفصیل کے مطابق بدھ کے روز ڈاک بنگلہ پر کارکنان کی جانب سے منعقد ہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سنجیو تومر نے کہا کہ تینوں کالے زرعی قوانین واپس ہونے تک کسانوں کی تحریک جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دیوبند ایس ڈی ایم کورٹ احاطہ میں ہونے والی دیش بچاؤ پنچایت میں گنے کی قیمت،پٹرول،ڈیزل اور بجلی کی اضافی شدہ شرحوں سمیت کسانوں کے دیگر مسائل پر غور و فکر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پنچایت کے انعقاد کے موقع پر کسانوں کو ان کی فصلوں کی منافع بخش قیمت دینے کے ساتھ ساتھ حکومت سے دس ہزار روپے مہینہ پینشن دئے جانے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی قیمت پر کسانوں کے ساتھ سوتیلا برتاؤ نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے تحصیل دیوبند کے تمام دیہی علاقوں کے کسانوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں دیش بچاؤ پنچایت میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔
دہلی کی سرحد پر مہینوں سے کسان اپنے حق کی لڑائی لڑر ہا ہے، مگر مرکزی حکومت ان کی طرف توجہ تک نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی لڑائی ملک میں جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عام آدمی کے جینے کے حقوق کی لڑائی بن گئی ہے جس میں ایک طرف آئین کی حفاظت کرنے والے لوگ ہیں تو دوسری جانب کارپوریٹ گھرانے اور اقتدارمیں بیٹھی ہوئی بی جے پی ہے۔