لکھنؤ میں عید میلاد النبی کے موقع پر درگاہ حضرت مخدوم شاہ مینا رحمۃ اللہ علیہ سے نکلنے والے جلوس محمدی کو کرونا وائرس کے سبب ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ تاکہ عوام الناس اس وبائی امراض سے محفوظ رہیں۔
آل انڈیا محمدی مشن کے زیر اہتمام شہر کی تمام انجمنیں اپنے جھنڈے اور بینروں کے ساتھ درگاہ قطب اودھ حضرت مخدوم شاہ مینا رحمتہ اللہ علیہ میں اکٹھا ہوکر میڈیکل چوراہے سے ہوکر جوتی با پھولے پارک پر جلوس نکال کر جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم شان و شوکت کے ساتھ مناتی آئی ہیں۔لیکن اس سال احتیاطی طور پر کورونا وائرس کی وجہ سے جلوس محمدی نکالنا ملتوی کیا جارہا ہے۔
شہر کی تمام انجمنوں سے گزارش ہے کہ اس سال سب لوگ احتیاطی تدابیر اور سرکاری گائیڈلائنز کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنے اپنے گھروں اور مسجدوں میں ملاد شریف کی محفل منعقد کریں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتیں بیان کرکے اپنے گھر والوں کو عمل کرنے کی ہدایت کریں۔
آستانہ حمیدیہ فرنگی محل ٹکسال لکھنؤ میں آل انڈیا محمدی مشن کے اراکین کی ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کی ایک میٹنگ حضرت مفتی ابوالعرفان میاں فرنگی محلی قاضی شہر لکھنؤ سرپرست آل انڈیا محمدی مشن کی صدارت میں ہوئی۔ ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں اور آل انڈیا محمدی مشن کے ذمہ داروں کے درمیان موجودہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے صلاح و مشورہ کے بعد رواں برس جلوس نہ نکالنے پر فیصلہ لیا گیا ہے، جس پر سبھی انجمنوں اور عوام کے لوگوں کو عمل کرکے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے۔
مفتی عرفان میاں فرنگی محلی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس سال جلوس میں خرچ ہونے والے پیسے کو بے جا خرچ نہ کرکے ضرورت مندوں کی مدد کرکے ثواب دارین حاصل کریں۔ جن غریب بچوں کی اسکول کی فیس نہیں جمع ہو پا رہی ہے ان کی اسکولوں کی فیس جمع کریں جن کے کاروبار بند ہو گئے ہیں ان کے کاروبار میں مالی مدد کریں اور یہ پیسے بیماروں کے دوا اور علاج کے لیے خرچ کریں۔
میٹنگ میں خاص طور سے ضلع انتظامیہ کے ذمہ داروں میں ایس پی ویسٹ، سی او چوک، ایس او ٹھاکر گنج کے ساتھ ساتھ آل انڈیا محمدی مشن کے نائب صدر سید اقبال ہاشمی، نائب صدر ڈاکٹر احسان اللہ صاحب، جنرل سیکریٹری سید احمد ندیم صاحب، لیگل ایڈوائزر ایس ایم راشد ، مولانا عفان عتیق فرنگی محلی ،فیضان فرنگی محلی ، شکیل نظامی، مولانا شاہ جہاں ،مولانا شمس تبریز صاحب نے شرکت کی ۔