دارالعلوم دیوبند نے ادارہ سے متعلق جھوٹی خبریں دکھانے اور غیر معروف داڑھی ٹوپی والوں کو ادارہ سے منسوب کرنے پر میڈیا کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
دارالعلوم دیوبند کے میڈیا انچارج اشرف عثمانی نے انتباہ دیا ہے کہ اگر میڈیا کی جانب سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کو ترک نہیں کیا گیا تو دارالعلوم دیوبند اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا اور پریس کونسل بھی رجوع کرے گا۔
اشرف عثمانی نے میڈیا کے ذریعہ ہر داڑھی ٹوپی والے کو دارالعلوم دیوبند سے منسوب کرکے بے بنیاد خبریں چلانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ کچھ نیوز چینل باہر کے ایک شخص کو جو قاری کی عرفیت سے جانا جاتا ہے دارالعلوم سے تعلق ظاہر کرکے ادارہ کو بدنام کرنے کی حرکتیں سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر میڈیاکی جانب سے کسی دیگر مولوی، قاری یا مولوی نما شخص کو بٹھاکر دارالعلوم کی تصاویر دکھائے گا تو ادارہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا۔
انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کی حرکت پر قدغن نہیں لگایا گیا تو دارالعلوم دیوبند ان کے خلاف قانونی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔