ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی پور میں واقع ستیہ دیو گروپ آف کالج کے ذریعہ مختلف لوگوں نے مہاتما گاندھی کے 150 ویں جینتی پر ماحولیاتی تحفظ اور شہیدوں کے وقار کے لیے کشمیر سے کنیا کماری تک 5 ہزار کلومیٹرکا سفر سائیکل سے کرنے کا عزم کیا ہے۔
یہ گروپ اپنے سفر کے دوران ماحولیات سے متعلق پیغام دینے کے لئے تعلیمی اور سماجی تنظیموں کے ساتھ اسکول کالجوں میں جاکر لوگوں کو بیدار کر رہا ہے۔
اس سفر کے آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر سدانندکمار سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 2 اکتوبر کو جموں واقع مہاتما گاندھی چوک سے شروع ہوا یہ سائیکل سفر پنجاب، ہریانہ، دہلی، راجستھان اور مدھیہ پردیش، مہاراشٹر ہوتے ہوئے بھیونڈی پہنچا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ سائیکل سوار یومیہ پچاس کلومیٹر سے لے کر 100 کلومیٹرتک کا سفر طےکرتے ہیں، ابھی تک یہ گروپ تقریباً 3500 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرچکا ہے۔
سفر میں شامل لوگوں نے بتایا کہ راستے میں آنے والے تالاب سڑک کو صاف کرکے وہاں کے لوگوں کو بیدار کرنے کی ہم کوشش کرتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ درخت بھی لگاتے ہیں ۔