علیگڑھ :ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے بننا دیوی تھانے کے علاقے کا ایک سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں رات کے وقت ایک مگرمچھ گلی میں گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ گھنی آبادی والے علاقے میں مگرمچھ کے گھومنے کا ویڈیو گلی میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا۔ اس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ مگرمچھ کو دیکھ کر گھر سے باہر نکلنے میں بھی ڈر لگتا ہے اور کئی بار محکمہ جنگلات کو فون کیا لیکن ابھی تک کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ مقامی باشندوں نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ قریب ہی ایک تالاب ہے جہاں یہ مگرمچھ کافی عرصے سے تالاب میں رہتا ہے، یہ مگرمچھ اکثر برسات کے موسم میں محلے کے تالاب سے باہر نکل کر گلی محلوں میں گھومتا پھرتا ہے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس مگرمچھ کو یہاں سے لے جانے کے لیے کئی بار محکمہ کے افسران کو بلایا گیا اور ان کو اطلاع بھی دی گئی، اس کے باوجود اس کے وہ نہیں لے کر گئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: AMU Doctors اے ایم یو ڈاکٹرز کی غیر معینہ ہڑتال ختم
مقامی باشندوں کی علی گڑھ انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ اس مگرمچھ کو یہاں سے نکال کر لے جائیں۔ ممکن ہے کہ تالاب میں ایک سے زیادہ مگرمچھ ہوں۔ اس مگرمچھ کی وجہ سے مقامی لوگ رات میں گھر سے نکلنے سے ڈرتے ہیں۔ کسی بھی وقت ایک بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔ اکثر مگرمچھ رات کے وقت ہی علاقے میں دیکھائی دیتا ہے۔