بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایک معصوم بچّے نے اپنے گللک میں جمع رقم عطیہ کرتے ہوئے پولیس کو دے دیا۔ مقصد یہ ہے کہ یہ رقم ضرورت مندوں میں خرچ کی جائے۔
ان دنوں کورونا وائرس کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کے سامنے روزانہ کمانے اور کھانے کا بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے علاوہ تمام سماجی خدمت کی تنظیمیں بھی ایسے لوگوں کی مدد کر رہی ہیں۔

اسی طرز پر بریلی میں ایک چھ سال کے معصوم بچّے نے بھی اپنے گللک کی رقم کو ضرورت مندوں کے لیئے عطیہ کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بچے نے اپنا گُللک شہر کے تھانہ قلع پولیس کے حوالے کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اس میں جو رقم ہے وہ ضرورت مندوں میں خرچ کر دی جائے۔

بریلی میں تھانہ قلع علاقے کے رہنے والے عاصم بریلی حج سیوا سوسائٹی سے منسلک ہیں۔ اُن کا بیٹا عبد اللہ کے جی کلاس کا طالب علم ہے۔ اُس نے اتنی کم عمر میں یہ نیک کام کیا ہے۔

دراصل عاصم ان دنوں ضرورت مند لوگوں کے لیے کھانے کا انتظام کر رہے ہیں۔ یہ بچہ اپنے والد کو دیکھ کر متاثر ہوا اور اُسنے اپنے گللک میں جمع رقم عطیہ کر دی۔ یہ گُللک عبد اللہ نے پولیس کے حوا لے کیا تو پولیس نے اس میں جمع رقم نکالی اور اُس کی گنتی کرائی تو یہ رقم چوبیس سو روپیہ نکلے۔
پولیس نے بچے کی اس کوشش کو سراہا۔