ریاست اترپردیش کے شہر بہرائج میں کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے بعد اب پیٹرول کی قیمتوں میں کمی آنی چاہیے، لیکن بی جے پی حکومت اب بھی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع بہرائچ کے کلیکٹریٹ میں آج کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کانگریس پارٹی کے ضلع نائب صدر جے پی مشرا نے بتایا کہ بی جے پی حکومت میں آئے دن پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، اور حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ بین الاقوامی بازار میں جو کچے تیل کی قیمت سنہ 1991 میں جو ہوا کرتی تھی اسی قیمت پر آج بھی کچا تیل مہیا کرایا جارہا ہے، اس کے باوجود قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے، لیکن ایسا نہیں ہے۔
پارٹی کارکنان نے الزام عائد کیا کہ اس اضافے سے محض بی جے پی اپنے صنعت کار دوستوں کو فائدہ پہنچانے میں محو ہے۔
پارٹی کا کہنا تھا کہ بی جے پی عوام کو مہنگائی کی مار جھیلنے کو مجبور کررہی ہے، اگر یہی رویہ رہا تو کانگریسی سڑک پر اتر کر احتجاج کرنے کو مجبور ہوجائے گی۔
اس موقع پر ضلع میں تمام کانگریس پارٹی کارکنان کے ساتھ ساتھ محفوظ احمد، شیخ ذکریہ (شیخو)، فضل الرحمن، مستقیم سلمانی اور دیپک پاٹھک موجود رہے۔