کورونا وائرس کی خوفناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے بنارس کے بلڈ بینکز میں بلڈ کی کمی کی وجہ سے آئے دن مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ اس کے پیش نظر کانگریس پارٹی کے کارکنان سابق وزیر اجے رائے کی قیادت میں بنارس کے ائی ایم اے بلڈنگ میں خون کا عطیہ کیا۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اجے رائے نے کہا کہ رام نومی اور مضان المبارک کے مقدس مہینے کے موقع پر کانگریس پارٹی کے جانباز سپاہی اپنا خون دے کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ موجودہ دور میں پورا ملک کورونا وائرس کی زد میں ہے۔
بے شمار انسانی جانیں جارہی ہیں۔ لوگوں کے دلوں میں مایوسی ہے۔ ایسے میں انسانیت کے تحفظ کے لیے کانگریس پارٹی کے کارکنان و رہنما خون کا عطیہ کر رہے ہیں اور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج رام نومی کے موقع پر 'کانگریس پارٹی کے کارکنان خون کا عطیہ کر رہے ہیں اور یہ پیغام دے رہے ہیں کہ جس طریقے سے بھگوان رام نے انسانیت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی تھی۔ آج کانگریس پارٹی کے کارکنان بھی انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنا خون دے رہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ کورونا وائرس کا خطرناک دور چل رہا ہے۔ ایسے وقت میں لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ضرورت ہے لیکن سیاسی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ میدان میں آکر عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور طبی سہولیات فراہم کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کانگریس پارٹی کے لوگوں نے آج خون کا عطیہ کیا ہے اور آئندہ بھی بنارس کے لوگوں کو کسی بھی قسم کی ضرورت پڑے گی تو کانگریس پارٹی کے کارکنان میدان میں رہیں گے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کے پارلیمانی حلقہ بنارس میں طبی سہولتوں کا فقدان ہے تو ایسے دور میں وزیراعظم ہسپتال بنانے کی جگہ شمشان بنوا رہے ہیں جو نہایت ہی افسوس ناک ہے۔