پنجاب کے مقامی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی کے بعد کانگریس کارکنوں میں جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی پنچایتوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے کسانوں کی حمایت کر رہی ہیں۔
وہیں 23 فروری کو متھرا میں منعقد ہونے والی کسانوں کی مہا پنچایت میں پرینکا گاندھی بھی شرکت کریں گی۔ مہا پنچایت کو کامیاب بنانے کے لیے نوئیڈا کے کانگریس دفتر میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک رہی۔
اجلاس میں یہ طئے پایا کہ نوئیڈا ڈی این ڈی آمد پر پرینکا گاندھی کا شاندار استقبال کیا جائے گا اور بعد ازاں ان کے قافلہ کے ساتھ متھرا تک روانگی ہوگی۔ اجلاس میں کانگریس رہنما پرجوش دکھائی دے رہے تھے جبکہ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’بی جے پی کی اب الٹی گنتی شروع ہوگئی اور لوگ مخالف عوام پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں‘۔
کانگریس رہنماؤں نے بتایا کہ بے تحاشہ مہنگائی سے عوام بے حد پریشان ہیں اور سب تبدیلی چاہتے ہیں۔ ایسے میں کانگریس مضبوط متبادل کے طور پر عوام کے سامنے ہے‘۔ اجلاس میں ستیندر شرما، شہاب الدین، یتیندر شرما، للت اوانہ، لیاقت چودھری، اوشا شرما، سونو کھاری اور دیگر نے شرکت کی۔