مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے کلکٹریٹ کے احاطے میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے کارکنان اور عہدیداروں کی جانب سے بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، دلتوں اور غرباء پر ہورہے ظلم و تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ضلع انتظامیہ کو صدر جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔ Communist Party Protests Against Inflation and Unemployment۔ پارٹی کے ضلع سکریٹری شاہنواز خان نے بتایا کہ یہ میمورنڈم کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے صدر جمہوریہ کے نام بھیجا جا رہا ہے، میمورنڈم کے ذریعے آسمان چھوتی مہنگائی، بیروزگاری اور فرقہ وارانہ تقسیم کی کوششوں کی طرف توجہ دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں خاص طور پر محنت کش طبقہ اس بڑھتی مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، کیوں کہ محنت کش طبقہ سال میں چھ سے آٹھ مہینے ہی کام کر پاتا ہے اور چار سے چھ ماہ بے روزگار رہتا ہے، جس کی وجہ سے اس کا اور اس کے خاندان کا جینا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بڑھتی ہوئی مہنگائی سے جہاں ایک طرف لوگ پریشان ہیں تو وہیں دوسری جانب بے روگاری بھی موجودہ دور کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔