اترپردیش کے ضلع بریلی میں بروز پیر سے شہر کے چوپلا اوور برج کے تعمیری کام کو مکمل کرنے کے لئے نیشنل ہائی وے 24 کو پوری طرح بند کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل اتوار کو محکمہ ٹریفک نے نیشنل ہائیوے کو بند کر نے کا ٹرائل کیا تھا اور ٹریفک کو شہر کے متبادل راستوں سے نکالا گیا۔ یہ ٹرائل کافی حد تک کامیاب ہوا۔ اس کے بعد آج سے چوپلا اوور برج کی طرف جانے والے راستے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
میئر امیش گوتم کا کہنا ہے کہ جب شہر میں ترقیاتی کام ہوتے ہیں، تو شہریوں کو دشواریوں کا سامنا تو کرنا پڑتا ہے۔
غورطلب ہے بریلی شہر میں سیور ٹرنک لائن بچھانے کا کام بھی تیزی سے کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شہر کے کئی راستے پہلے سے ہی بند ہیں اور راستوں کو ڈائورٹ کیا گیا تھا۔
ظاہر ہے کہ شہریوں کا درد ابھی کم ہونے والا نہیں ہے۔ یہاں بتا دیں کہ شہر میں چھ دہائی کے بعد سیور ٹرنک لائن کو بدلنے کا کام بھی گزشتہ سات مہینے سے کیا جا رہا ہے۔
شہر میں ایک ساتھ دو بڑے تعمیری کاموں شروع ہونے سے شہر کا ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ اس کا سب سے زیادہ اثر شہر کے دکانداروں اور روزمرہ کے راہگیروں پر پڑا ہے۔
مزید پڑھیں:
کسانوں کا احتجاج: نوئیڈا دہلی سرحد پر طویل جام
سب سے زیادہ وہ شہری متاثر ہوئے ہیں، جو چوپلا اوور برج یا سٹی اسٹیشن کی طرف رہتے ہیں۔ بہرحال شہر میں ترقیاتی کاموں کے زیر تعمیر ہونے کے دوران کچھ دشواریاں ضرور آتی ہیں اور اس کی وجہ سے شہری اور دکاندار اور دیگر طبقات پریشان بھی ہوتے ہیں۔ لیکن یہ پریشانیاں شہر کے بدتر ٹریفک نظام کو درست کرنے کے لیے لازمی بھی ہیں۔