اترپردیش میں کانپور کے سوروپ نگر علاقے میں واقع ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں اتوار کے روز آگ لگنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام مریضوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے حالانکہ کچھ مریضوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں تمام زخمیوں کا علاج کرانے اور اس سلسلے میں حقائق پیش کرنے کی ہدایت دی ہے اس کے ساتھ ہی جانچ کےلئے انہوں نے ایک اعلی سطحی کمیٹی ڈی جی فائر سروس، کمشنرکانپور ڈیویژن اور چیف سکریٹری میڈیکل ہیلتھ کی تشکیل کی ہے جو فوراً موقع پر جا کر مکمل حقائق کی جانچ کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ماضی میں بھی تمام اسپتالوں میں فائر خدمات کو مستحکم کرنے کی ہدایات دی گئیں تھیں، لیکن انھیں دوبارہ تمام اسپتالوں میں چیک کیا جانا چاہئے تاکہ کسی اور اسپتال میں ایسا حادثہ پیش نہ آئے۔
اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں پہلے فلور پر بنے آئی سی یو کے جنرل وارڈ میں صبح قریب ساڑھے آٹھ بجے دھواں دیکھا گیا جو دیکھتے ہی آگ کی لپٹوں میں بدل گیا۔ آناًفاناً سبھی مریضوں کو ان کے گھروالے باہر نکالنے کی کوشش کرنے لگے۔ اس سے وارڈ میں افراتفری مچ گئی اورپورے وارڈ میں دم گھونٹنے والا دھواں پھیل گیا۔
انسٹی ٹیوٹ کے ملازمین نے پولیس کو اطلاع دی اور آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے مریضوں کو باہر نکالنے کی کوشش کرنے لگے۔ فائربریگیڈ ملازمین نے تیزی دکھاتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش کرتےہوئے کھڑکیاں توڑ کر سبھی مریضوں کو صحیح سلامت باہر نکالا۔ آگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔ پورے معاملے کے سلسلے میں اے سی پی مہیندر سنگھ نے بتایا کہ گراؤنڈ فلور کے سبھی مریضوں کو صحیح سلامت نکال لیا گیا ہے۔ پہلی منزل پر نو مریضوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ انہیں اسی منزل پر ٹریٹمنٹ دیا جارہا ہے۔
کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر وینٹی لیشن کا انتظام کردیا گیا ہے۔دھواں کم ہونے پر گراؤنڈ فلور چیک کیا جائےگا۔گراؤنڈ فلور پر ابھی کسی کے پھنسے ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ گراؤنڈ فلور پر واقع اسٹور میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی۔فائر سروس کے لوگ جانچ کرکے بتائیں گے کہ آگ لگنے کی کیا وجہ رہی۔
یو-این-آئی