علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں واقع عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خان کے یوم پیدائش کے موقع پر 17 اکتوبر کو جشن یوم سرسید تقریبات کی تفصیلات میں اے ایم یو شعبہ رابطہ عامہ کے اسسٹنٹ ممبر انچارج فیصل فرید نے بتایا کہ تقریبات کو گلستان سید میں منعقد کیا جائے گا، جس کے مہمان خصوصی الہ آباد کے ہائی کورٹ کے سینیئر جج جسٹس اے آر مسعودی ہوں گے، اس کے علاوہ فرینچ سرچر لاریس گوٹیر، اترپردیش کے ڈی جی پی وجے کمار اور فلم ہدایت کار امتیاز علی بھی اس تقریب کی شان بڑھائیں گے۔
فیصل فرید نے بتایا کہ حسب روایت یوم سرسید کی صبح نماز فجر کے سرسید کی لوح تربت پر سب سے پہلے قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا اور اس کے بعد چادر پوشی اور گلوں کا نذرانہ پیش کیا جائے گا اور باضابطہ تقریب کا آغاز گلستان سید میں صبح گیارہ بجے سے دوپہر تقریبا ایک بجے تک ہوگا جس میں تمام مہمان کرام روایتی بگھی سے تشریف لائیں گے۔ تقریب میں دو اساتذہ اور دو طلبہ بھی تقریر کریں گے۔ اس کے علاوہ شعبہ رابطہ عامہ کے زیر اہتمام سرسید کی یوم پیدائش کے موقع پر ہونے والے آل انڈیا مضمون نویسی مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ یوم سرسید کے موقع پر سرسید ہاؤس میں ایک نمائش کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس میں سرسید سے متعلق تمام ادبی و ثقافتی پورٹریٹ مضمون و کتابوں سمیت سرسید کی ذاتی استعمال کردہ چیزوں کو رکھا جائے گا اور یہ تمام چیزیں صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک عوام کے دید کا مرکز بنی رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: FIR Against AMU دھرنے کو کمزور کرنے کے لئے طلباء کے خلاف مقدمہ درج کئے گئے: سلمان امتیاز
انھوں نے بتایا کہ اس تقریب کے انعقاد سے قبل پوری جامعہ میں جشن چراغاں کیا جائے گا اور تقریب کو لائیو براڈ کاسٹ بھی کیا جائے گا تاکہ پوری دنیا میں میں موجود تمام علیگ برادری اس تقریب سے استفادہ کرسکیں اور یونیورسٹی میں موجود تمام طلبہ و طالبات کے لیے ان کے ہالز میں ہی ہر سال کی طرح اس سال بھی روایتی عشائیہ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے یہ ای ٹی وی بھارت کی خبر کا اثر ہی ہے کہ گزشتہ برس سے سر سید کی یوم پیدائش پر ہونے والا آل انڈیا مضمون نویسی مقابلہ اب اردو زبان میں کی کروایا جاتا ہے۔