بریلی: اترپردیش کے بریلی ضلع کی پانچ خاص صنعتوں میں شمار فرنیچر کاروبار کی صنعتی رفتار گزشتہ چار دہائی سے یکساں ہے۔اس کاروبار سے منسلک تمام کاریگر آج بھی اپنے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
یہاں کے کاریگروں کا کہنا ہے کہ اُن کی آمدنی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔Cane Furniture Business Slump In Bareilly
شکیل احمد گزشتہ 25 برس سے کین فرنیچر کاروبار سے منسلک ہیں۔ وہ اپنے فنکارانہ ہاتھوں سے سخت لکڑی کو نرم کرکے ایک نئی شکل دیتے ہیں اور پورے دن کام کرنے کے بعد فرنیچر کا ایک عدد تیار ہوتا ہے۔ تب جاکے کہیں چام کو گھر کا چولہا جلتا ہے۔ پورے دن کی مشقت کے بعد بمشکل چار سو روپے ہاتھ آتے ہیں۔
ضلع بریلی میں سی بی گنج، پرانہ شہر، سرائے خام اور پدارتھپور میں اعلیٰ پیمانے پر کین فرنیچر تیار کیا جاتا ہے. خاص بات یہ ہے کہ اس کاروبار سے پچّانوے فیصد کاریگر مسلم سماج سے تعلق رکھتے ہیں. آسام سے بریلی تک کین (بینت) درآمد کرنے والے کمیشن ایجنٹ بھی مسلمان ہیں۔ اس کے علاوہ تیار فرنیچر فروخت کرنے والے تاجر بھی اسّی فیصد سے زائد مسلمان ہیں۔
اتر پردیش حکومت نے ضلع بریلی کی دو خاص صنعت 'زری زردوزی اور زیورات' کو (ون ڈسٹرکٹ، ون پروڈکٹ) 'او ڈی او پی' یعنی 'ایک ضلع ایک صنعت' کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ فرنیچر کاروبار بھی اس ضلع کی خاص صنعت ہے۔ اس سے تقریباً 12 ہزار خاندان براہ راست وابستہ ہیں۔ کاریگروں کی تعداد بھی تیس ہزار سے زائد ہیں۔ لیکن حکومت اتر پردیش کے او ڈی او پی منصوبے میں شامل ہونے سے یہ طبقہ محروم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کسمپرسی کی حالت میں فرنیچر کے کاریگر
صوبے میں اسمبلی انتخاب کا بخار عوام کے سر چڑھکر بول رہا ہے۔ ظاہر ہے ایسے ماحول میں عوام کی حمایت، ترقی اور فلاح کے تمام دعوے اور اچھے دن وعدے سیاسی رہنماؤں کے انتخابی منشور کا خاص حصہ ہیں۔ لیکن افسوس در افسوس، سوال یہ ہے اِن 30 ہزار کاریگروں کے اچھے دن کب آئیں گے۔