بدایوں پنچایت صدر الیکشن میں فتح حاصل کرنے والی بی جے پی کی امیدوار ورشا یادو کو 51 میں سے 28 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل سماج وادی پارٹی کی امیدوار سنیتا شاکیہ کو 23 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔
فاتح امیدوار ورشا یادو کورونا کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی کے دوران موجود نہیں تھیں لیکن ان کی بہن پوجا یادو ان کے نمائندے کے طور پر موجود تھیں۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران پوجا یادو نے بتایا کہ عوام نے ترقی کے نام پر ہمیں ووٹ دیا ہے۔
سماجوادی پارٹی نے ضلع بدایوں میں اپنے امیدوار کے طور پر پر سنیتا شاکیہ کو پنچایت صدر کے عہدے کے لیے امیدوار بناتے ہوئے 26 تاریخ کو ان کا پرچہ داخل کروایا تھا۔ سنیتا شاکیہ حال ہی میں بہوجن سماج پارٹی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے والے دو مرتبہ کے سابق رکن اسمبلی سنود کمار شاکیہ کی اہلیہ اور ضلع پنچایت کی رکن ہیں۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کی بات کی جائے تو بی جے پی نے سابق ایم ایل سی نریندر یادو کی اہلیہ ورشا یادو پر ضلع پنچایت صدر کے عہدے کا دعویٰ کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی داخ کرایا ہے۔
واضح رہے اتر پردیش میں ضلع پنچایت، گرام پنچایت اور علاقائی پنچایت کے انتخابات کے نتائج آنے کے بعد سے ضلع پنچایت کے صدر کے عہدے کے لیے انتخابات کی سرگرمی زور و شور سے جاری ہیں۔