اترپردیش قانون ساز اسمبلی کی 36 نشستوں میں سے 33 پر بی جے پی نے جیت درج کی ہے جب کہ جنتا دل لوک تانترک نے ایک سیٹ اور دو سیٹ پر آزاد امیدوار نے جیت درج کی ہے۔ اتر پردیش کے باقی سیٹوں کی طرز پر بریلی۔رامپور ایم ایل سی سیٹ پر بھی بھارتیہ جنتا پارٹی نے جیت درج کی ہے۔ بریلی سیٹ پر 24 سال بعد بی جے پی نے ایک بار پھر جیت درج کی ہے۔ اس نشست کی تاریخ یہ ہے کہ جس کے پاس اقتدار ہوتا ہے وہیں ایم ایل سی بن جاتا ہے۔ BJP candidate won MLC election from Bareilly-Rampur seat
بریلی۔رامپور سیٹ پر 4880 میں سے 4752 ووٹروں نے 09 اپریل کو 28 پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالے تھے۔ بی جے پی امیدوار کُنور مہاراج سنگھ کو 4227 ووٹ ملے، جب کہ سماجوادی پارٹی کے امیدوار اور رام پور کے سابق ضلع پنچایت صدر مشکور احمد کو صرف 401 ووٹ ملے۔ آزاد سماج پارٹی کے امیدوار اور ضلع صدر اچّھن انصاری کو 16 ووٹ ملے، جب کہ 108 منسوخ کر دیے گئے۔ بی جے پی امیدوار نے 3826 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ Kunwar Maharaj Singh won MLC election
بریلی کے سنجے کمیونٹی ہال میں منگل کی صبح آٹھ بجے ایم ایل سی انتخابات کے ووٹوں کی شماری شروع ہوئی۔ تاہم شماری کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے نتیجہ کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا۔ پہلے دور کی گنتی کا نتیجہ صبح تقریباً 11.30 بجے آیا۔ بی جے پی امیدوار نے پہلے راؤنڈ سے ہی برتری حاصل کی۔ پہلے مرحلے میں 2100 ووٹوں کی گنتی ہوئی۔ اس میں بی جے پی امیدوار کو 1841، سماجوادی پارٹی کے امیدوار کو 201 اور آزاد سماج پارٹی کو 10 ووٹ ملے، جبکہ مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 48 رہی۔ اس کے بعد دوسرے راؤنڈ کی شماری میں بی جے پی کے کُنور مہاراج سنگھ کو 3722 ووٹ ملے۔ مشکور احمد کو 380، اچھن انصاری کو 16 ووٹ ملے۔ مسترد شدہ ووٹ 82 تھے۔
بریلی رامپور ایم ایل سی سیٹ پر پہلی مرتبہ سنہ 1998ء میں انتخاب ہوا تھا۔ اس وقت اتر پردیش میں میں بی جے پی کی حکومت تھی۔ جس کی وجہ سے بی جے پی کے دِگوجے سنگھ گنگوار نے جیت درج کی۔ سنہ 2004ء میں یوپی میں اقتدار کی تبدیلی ہوئی۔ سماجوادی پارٹی کے دور اقتدار میں سماجوادی پارٹی کے امیدوار گھنشیام سنگھ لودھی ایم ایل سی منتخب ہوئے تھے۔ سنہ 2007ء میں دوبارہ اقتدار میں تبدیلی ہوئی۔ ایم ایل سی انتخابات 2010ء میں بی ایس پی کی حکومت میں ہوئے تھے۔ اس میں بی ایس پی امیدوار کیسر سنگھ گنگوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔
سنہ 2016ء میں جب ایم ایل سی کے انتخاب ہوئے تو پھر سماجوادی پارٹی اقتدار میں تھی۔ گھنشیام سنگھ لودھی دوسری مرتبہ ایم ایل سی منتخب ہوئے۔ اب چونکہ بی جے پی دور اقتدار میں ہے، تو کُنور مہاراج سنگھ کے سر جیت کا سہرا بندھا ہے۔ بی جے پی کے کُنور مہاراج سنگھ کے سر پر جیت کا تاج سجایا گیا ہے۔ کارکنان نے بی جے پی کی جیت پر زبردست جشن منایا۔ اس کے ساتھ انتظامیہ کے افسران نے کُنور مہاراج سنگھ کو جیت کا سرٹیفکیٹ دیا۔ بی جے پی امیدوار نے جیت کو بی جے پی کی پالیسی اور عوام کی جیت قرار دیا ہے۔'