اتر پردیش کے شہر سہارنپور کے دیوبند علاقہ میں سابق رکن اسمبلی معاویہ علی نے کہا کہ دیوبند کے عیدگاہ میدان میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری متحدہ خواتین کمیٹی کے احتجاج کو ختم کرانے کے لئے بی جے پی رہنما انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر مجھے گرفتار کرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا دیوبند کے لوگ جس طرح 'ستیہ گرہ' چلارہے ہیں وہ جاری رہے گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ شہر کے امن وامان کو برقرار رکھیں اور اقلیت مخالف طاقتوں پر نظر رکھی جائے۔
پارٹی دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاویہ علی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے رہنما جھوٹے الزامات لگا کر اور انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر انہیں اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا بی جے پی کے خوف سے ہم احتجاجی خواتین کا ساتھ نہیں چھوڑے گے۔ انہوں نے کہا پُرامن طریقے سے احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے جو ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا۔