ریاست مغربی بنگال کا شمالی ضلع 24 پرگنہ ان دنوں سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے سرخیوں میں ہے، جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ہلّا بول احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے رہنماوں نے منیش شکلا قتل کیس کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا۔
اس احتجاجی ریلی میں مرکزی بی جے پی کمیٹی کے رکن مکل رائے، رکن پارلیمان ارجن سنگھ، رکن پارلیمان لاکٹ چٹرجی، رکن اسمبلی سباشاچی دتہ سمیت کئی اہم رہنما موجود تھے۔
بی جے پی رہنماؤں نے کہا کہ ممتا بنرجی کی حکومت اپوزیشن پارٹیز کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے، اور اسی وجہ سے بنگال کے مختلف اضلاع میں بی جے پی کے حامیوں کو مارا جارہا ہے، تاہم حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔۔
رکن پارلیمان ارجن سنگھ نے کہا کہ بیرکپور پولیس انتظامیہ پر کوئی بھروسہ نہیں ہے،کیوںکہ پولیس کچھ نہیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منیش شکلا قتل معاملے کی سی بی آئی انکوائری چاہتے ہیں، کیوں کہ انہیں سی بی آئی کی انکوائری پر بھروسہ ہے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمان نے ترنمول کانگریس کے رہنماوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیرکپور کے عوام کو سب معلوم ہے۔
اگلے اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کو بہت کچھ سمجھ میں آنے والا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی 24پرگنہ ضلع کے ٹیٹا گڑھ تھانے کے سامنے نامعلوم افراد کے حملے میں بی جے پی کے رہنما اور کاؤنسلر منیش شکلا ہلاک ہوگئے تھے، اس کے بعد سے ہی بی جے پی اور ترنمول کانگریس کی جانب سے جلسہ و جلوس کا سلسلہ جاری ہے۔