لکھنؤ: وزیراعظم کے من کی بات کے 100ویں ایپی سوڈ کو سو مدارس اور درگاہوں اور دیگر مسلم اداروں میں نشر کیے جانے کا امکان ہے۔ اس بات کا اعلان بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی صدر کنور باسط علی نے کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے باسط علی نے کہا کہ اس سے پہلے مسلمان دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ تھا لیکن گزشتہ کئی برسوں سے یہ رجحانات دیکھنے کو ملے ہیں کہ بڑی تعداد میں مسلمان بی جے پی کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم کے من کی بات کے 100ویں ایپی سوڈ کو مدرسوں اور درگاہوں میں نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے اچھا پیغام جائے گا اور مسلم طلبہ و طالبات و پسماندہ مسلمان بھی وزیراعظم کے من کی بات سن کر کے کچھ سیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ریاست میں 100 مدارس کی نشاندہی کی گئی ہے اور امید ہے کہ یہ ہزاروں کی تعداد مدارس میں نشر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے کئی مدارس سے فون آ رہے ہیں اور درگاہوں کا بھی انتخاب کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے من کی بات کے حوالے سے اقلیتوں کے لیے کیا کچھ خاص ہے یا نہیں ہے، ابھی کہنا جلد بازی ہو گی۔ لیکن اقلیتی طبقہ برسوں سے بی جے پی سے دور رہا ہے۔ وزیراعظم کے من کی بات سن کر کے فکری تبدیلی نظر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے من کی بات کا اردو میں ترجمہ کتابی شکل میں بھی آچکا ہے۔ وہ بھی تقریباً ہزاروں کی تعداد میں علماء، مسلم دانش ور اور پسماندہ طبقات کو تقسیم کیے جائیں گے تاکہ وزیراعظم کے وژن کو عام مسلمانوں تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے مدارس میں یوگا پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان پانچ وقت نماز ادا کرتا ہے۔ اس کے لیے وہی سب سے بڑا یوگا ہے۔ مدرسے میں یوگا کی کوئی الگ سے ضرورت نہیں ہے اگر کوئی کرنا چاہتا ہے تو اس کو کوئی روک بھی نہیں ہے۔