ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ریاستی وزیر ویریندر تیواری نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو بی جے پی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی بتایا ہے۔ لیکن جب ان سے سوال کیا گیا کہ یہ مسئلہ عدالت کے فیصلے سے حل ہوا ہے، تب اس کا وہ مناسب جواب نہیں دے سکے۔
بارہ بنکی میں ریاستی حکومت کے ساڑھے 4 برس مکمل ہونے پر منائے جارہے وکاس پرو کے تحت منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ویریندر تیواری نے کہا کہ رام مندر تعمیر کی خواہش تمام ووٹرس کی تھی اور عوام کے خواہشات کی قدر کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے رائے عامہ کے مطابق فیصلہ لیا ہے۔ مخالفین دعویٰ کررہے تھے کہ جب فیصلہ آئے گا تو افراتفری کا ماحول پیدا ہوجائے گا، لیکن فیصلہ آنے کے بعد ایسا کچھ نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں:تاریخ دانوں نے مہارانا پرتاپ کو نہیں، اکبر کو بتایا عظیم: یوگی
انہوں نے بتایا کہ 17 ستمبر سے 7 اکتوبر تک پارٹی وکاس پرو منارہی ہے۔ جس میں حکومت کی کامیابیاں عوام کو بتائی جارہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اکھلیش یادو کے ای وی ایم مشین سے ہوشیار رہنے والے بیان پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ جب اکھلیش یادو سنہ 2012 میں انتخاب فتح کرتے ہیں، تب وہ ای وی ایم پر سوال نہیں کرتے، وہ ٹویٹ سے صرف گمراہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے اکھیلیش نے ویکسین پر سوال اٹھائے، پھر ان کے والد نے ویکسین لی اور اس کے بعد انہوں نے بھی بعد میں ویکسین لگوائی۔