مہاراج گنج: اترپردیش کے مہاراج گنج ضلع میں بی جے پی لیڈر راہی معصوم رضا پر ایک دلت لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے اور اس کے والد کو قتل کرنے کا سنگین الزام لگایا گیا ہے۔ متاثرہ کی شکایت پر کوتوالی پولیس نے بی جے پی لیڈر کے خلاف قتل، عصمت دری، چھیڑ چھاڑ، مارپیٹ، ڈرانے دھمکانے کے علاوہ پاسکو ایکٹ اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ساتھ ہی بی جے پی لیڈر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سنت کبیر نگر ضلع کے مہنداوال علاقے کی رہنے والی 17 سالہ نابالغ دلت لڑکی نے کوتوالی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ لڑکی نے بتایا کہ اس کے والد خاندان کے ساتھ روزی روٹی کے لیے مہاراج گنج آئے تھے۔ شہر کے ویر بہادر علاقے کے رہائشی وکیل راہی معصوم رضا کے گھر میں پورا خاندان کرائے پر رہتا ہے۔ ساتھ ہی والد پچھلے پانچ برس سے مہاراج گنج میں فٹ پاتھ پر پانی اور پکوڑے بیچتے تھے۔ خاندان میں چار بہنیں اور ایک بھائی ہے۔
متاثرہ لڑکی نے مزید بتایا کہ 28 اگست کو اس کے والد دکان پر گئے تھے۔ اسی دوران مالک مکان راہی معصوم رضا اس کے کمرے میں داخل ہوئے اور اس کے ساتھ زبردستی کرنے لگے۔ اس کے بعد والد موقعے پر آئے اور احتجاج شروع کر دیا۔ اس پر بی جے پی رہنما راہی معصوم رضا نے اس کے والد کو گھسیٹتے ہوئے باہر کہیں لے گئے اور انہیں مار ڈالا۔ لڑکی کے مطابق کوتوالی پولیس نے اس کے والد کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا تھا۔ اس کی رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔ متاثرہ لڑکی نے اپنی شکایت میں یہ بھی بتایا کہ کچھ دن پہلے بی جے پی لیڈر نے اس کی چھوٹی بہن کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کی تھی۔ تب بی جے پی لیڈر نے اسے دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اس واقعہ کے بارے میں کسی کو بتایا تو اسے مار دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اناؤ متاثرہ کے والد کا قتل: کلدیپ سینگر کو 10 سال قید کی سزا
اناؤ ریپ کیس میں کلدیپ سینگر مجرم قرار
اس معاملے میں کوتوالی کے انچارج انسپکٹر روی کمار رائے نے بتایا کہ لڑکی کی شکایت پر ملزم راہی معصوم رضا کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم بی جے پی لیڈر کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے بلایا گیا ہے۔ تحقیقات کی بنیاد پر اس معاملے میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثنا، سی او صدر اجے سنگھ چوہان معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ شواہد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ بی جے پی کے ضلع کنوینر سنجے پانڈے نے کہا کہ پارٹی کے اقلیتی سیل کے ضلع صدر راہی معصوم رضا کے خلاف پولیس اسٹیشن میں سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج ہونے کی اطلاع اقلیتی سیل کے صوبائی صدر اور دیگر سینئر عہدیداران کو بھیج دی گئی ہے۔ اس معاملے میں جیسی ہدایات ملیں گی، انہیں کے مطابق عمل کیا جائے گا۔