اب طلباء و طالبات طلاق ثلاثہ ایکٹ 2019، اتر پردیش کو نیا لینڈ ریونیو کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2019، سمیت آئینی قانون میں شہریت ترمیمی بل اور ایکٹ کے بارے میں مطالعہ کر سکیں گے۔
گزشتہ برسوں میں طلاق ثلاثہ قانون نہ صرف ایک قانون کے طور پر سرخیوں میں رہا بلکہ اس معاملے پر جم کر سیاست بھی ہوئی۔ تمام حالیہ ترمیمی قوانین اور نئی معلومات کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے اور یہ نیا نصاب گزشتہ برس ہی تیار ہو گیا تھا۔
لیکن عمل درآمد کی باضابطہ کارروائیوں میں تقریباً 10 ماہ گزر گئے۔ اب شعبہ قانون کے 'بورڈ آف اسٹڈیز' میں متعدد نئی تجاویز کو منظوری مل گئی ہے۔
شعبہ قانون کے ہیڈ اور یونیورسٹی کے میڈیا انچارج ڈاکٹر امِت کمار سنگھ نے بتایا کہ اب اس کورس کو مکمل طور پر اپڈیٹ کردیا گیا ہے۔ اس میں جو نیا بل شامل کیا گیا ہے، اس سے وکالت کی تیاری کرنے والے طلباء کو بہت مدد ملے گی۔ کورس میں نیا موٹر وہیکل ایکٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایم جے پی روہیل کھنڈ یونیورسٹی نے کورس میں تبدیلی کی تیاریاں اعلیٰ پیمانے پر کی ہیں۔ رواں برس کوویڈ 19 کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند رہے اور روایتی کورس مکمل کرانا مشکل ہو گیا لیکن یونیورسٹی نے تعلیمی سال 22-2021 سے شعبہ قانون کے زیر اہتمام چار نئے ڈپلوما کورسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان میں میڈیا لاء، سائبر لاء، ایڈووکیسی لاء اور انٹیلیکچوئل پروپرٹی لاء شامل ہیں۔ ایک سالہ ان کورسز کو تعلیمی کونسل سے منظوری مل چکی ہے۔ آخری مہر اور منظوری کے لیے ان تجاویز کو حکومت کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ حکومت کی منظوری ملنے کے بعد اسے جولائی سے شروع کر دیا جائےگا۔
شعبہ قانون کے ہیڈ اور یونیورسٹی کے میڈیا انچارج ڈاکٹر امِت کمار سنگھ نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کی لاء کورس کمیٹی کی میٹنگ میں بی کام ایل ایل بی اور بی بی اے ایل ایل بی کے پانچ سالہ کورسز کو منظوری دے دی گئی۔
یہ کورسز پرائویٹ کالجوں اور یونیورسٹی کیمپس دونوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ فی کورس میں 120- 120 سیٹیں ہوں گی۔ اگلے برس کالجوں میں اسے شروع کیا جائےگا۔ لیکن یونیورسٹی میں یہ عمل حکومت کی اجازت کے بعد ہی شروع ہوگا۔
اس کے علاوہ تعلیمی کونسل میں دو نئے پی جی کورس ایل ایل ایم سائبر لاء اور ایل ایل ایم ہیومن رائٹس اینڈ ڈیوٹیز کو بھی پاس کیا گیا ہے۔