سابق ریاستی وزیر اور پانچ بار رکن اسمبلی رہے سماج وادی پارٹی کے لیڈر فرید محفوظ قدوائی نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی کو بی جے پی کا ایجنٹ قرار دیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اویسی اترپردیش میں کچھ نہیں کر پائیں گے اور ان کو یہاں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بارہ بنکی میں مسلمانوں کے بڑے لیڈر مانے جانے والے فرید محفوظ نے اویسی پر پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اویسی کوئی اچھا کام نہیں کر رہے ہیں۔ وہ کچھ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں چند سیٹیں فتح کرتے ہیں، لیکن اس سے کہیں زیادہ سیٹیں بی جے پی کو فتح کرواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے گاؤں گاؤں میں یہ بات لوگ جان گئے ہیں، اسلئے اگر وہ یہاں آتے ہیں تو انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جب ای ٹی وی بھارت نے سماج وادی رہنما سے پوچھا کہ بارہ بنکی کا کرسی اسمبلی حلقہ، جہاں سے آپ 2012 سے رکن اسمبلی تھے، وہاں سے اب درجنوں امیدوار دعویداری کر رہے ہیں، اس پر انہوں نے کہا کہ اس سے معلوم چلتا ہے کہ یہ نشست کتنی مقبول ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اس نشست سے ان کی بھی دعویداری ہے، لیکن فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں 5 بار رکن اسمبلی رہا ہوں، اسلئے میری نوجوانوں کی مانند کوئی خواہش تو نہیں ہے لیکن اگر ہائی کمان ذمے داری دیتا ہے تو وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔