ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں گزشتہ روز منعقد ہونے والے وکاس دیپوتسو کے موقع پر مسلم خواتین کو بااختیار بنانے کی بہترین مثال نظر آئی۔ یہاں ڈسٹرکٹ اربن ڈیولپمینٹ اتھارٹی(ڈوڈا) کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں کئی سیلف ہیلپ گروپس سے منسلک خواتین نے اپنے اسٹال لگائے تھے، ان میں زیادہ تر مسلم خواتین کے اسٹال تھے۔یہ خواتین ڈوڈا کی مدد سے نہ صرف بااختیار ہوئی ہیں بلکہ ترقی اور کامیابی کی نئی عبارات لکھ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ڈوڈا دین دیال اپادھیائے انتیودئے اسکیم کے تحت شہری علاقوں کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تمام قسم سے مدد مہیا کرواتا ہے۔ یہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بیدار کرنے کے ساتھ انہیں ٹریننگ، مالی مدد اور آسان قرض مہیا کرواتے ہیں۔ یہی نہیں ڈوڈا ان خواتین کے ذریعہ بنائے گئے پروڈکٹس کو مارکیٹنگ کے لیے بازار بھی مہیا کرواتا ہے۔
ڈوڈا کی اس پہل کی وجہ سے بارہ بنکی میں 190 خواتین سیلف ہیلپ گروپس ہیں اور ان گروپس سے کئی مسلم خواتین منسلک ہیں اور اس اسکیم کا فائدہ اٹھارہی ہیں۔ اس اسکیم کی مدد سے یہ خواتین نہ صرف کامیاب ہورہی ہیں بلکہ اپنے ساتھ کئی خواتین کے لیے بھی ترقی کی راہ ہموار کررہی ہیں۔