ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں کووڈ-19 کی وجہ سے عالمی یوم معذور نہایت سادگی کے ساتھ منایا گیا۔
اس موقع پر ہونے والے تمام پروگرامز کو منسوخ کر دیا گیا۔ صرف وکاس بھون میں محکمہ معذور با اختیاری کی جانب سے معذوروں کو معاون آلات تقسیم کئے گئے۔ وکاس بھون میں ضلع ترقیاتی افسر نے معذوروں کو مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ضلع معذور بااختیاری محکمہ کے افسر رجنیش کرن نے بتایا کہ وکاس بھون کے احاطے میں عالمی یوم معذور کے موقع پر 20 معذوروں کو معاون آلات تقسیم کئے گئے۔ ان میں سے پانچ معذوروں کو ٹرائی سائیکل اور 15 معذوروں کو کان کی مشین تقسیم کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا محکمہ معذوروں کی مدد اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے مسلسل کوشاں رہتا ہے۔ اس کے لئے انہیں وقت وقت پر معاون آلات تقسیم کئے جاتے ہیں ساتھ ہی ان کو مختلف اسکیمات کے ذریعہ بھی فائدہ پہنچایا جاتا ہے۔ تاکہ معذوروں کو کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔
واضح ہو کہ 3 دسمبر کو ہر برس عالمی یوم معذور پوری دنیا میں منایا جاتا ہے اور اس دن مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ لیکن رواں برس کووڈ-19 کی وجہ سے یہ نہایت سادگی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔