ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں انوکھا معاملہ پیش آیا ہے، جسے سن کر آپ کے بھی ہوش اڑ جائیں گے۔ دراصل 100 سال سے زائد عمر کے ایک ضعیف شخص کفن پہن کر اپنی موت کا انتظار کرنے لگے۔ یہ خبر سنتے ہی لوگوں کا ایک ہجوم بزرگ کو دیکھنے کے لیے قبرستان پہنچ گیا اور کافی دیر تک لوگوں کا مجمع لگا رہا۔ وہیں پولیس اور انتظامیہ نےبھی موقع پر پہنچ کر بزرگ کو سمجھا بجھاکر گھر بھیج دیا۔
دراصل یہ معاملہ صفدر گنج تھانہ حلقے کے نور گنج گاؤں کا ہے، جہاں 109 برس کے ایک معمر شخص محمد صفی نے اپنی موت کی تاریخ، وقت اور دن تک پیشین گوئی کردی تھی۔

دن رات خدا کی عبادت میں ڈوبے رہنے والے صفی نے خود اپنی موت کا پیغام اپنے رشتہ داروں تک بھیجا تھا۔ جس کے بعد انسانی جسم سے روح نکلنے کے اس واقعہ کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا ایک بڑا ہجوم قبرستان میں یکجا ہوگیا۔ جس کے بعد اس قدر بھیڑ امڈی کہ نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو بھی موقع پر پہنچنا پڑا۔
محمد صفی کا دعویٰ ہے کہ ان کو 5 برس قبل خواب میں جبریل علیہ السلام آئے تھے اور انہوں نے ان سے کہا تھا کہ سال 2021 کی 12 ربیع الاول کے بعد جو پہلا جمعہ آئے گا، اس دن ایک بج کر 10 پر ان کی روح جسم کو الوداع کہہ دے گی۔ اس لیے محمد صفی جمعہ کے روز باقاعدہ نہا دھوکر کفن پہن کر قبرستان چلے گئے اور وہاں کھودی گئی ایک قبر کے پاس بیٹھ کر گھنٹوں تک اپنی موت کا انتظار کرنے لگے۔
مزید پڑھیں:نوئیڈا: شمس الدین رائن نے نریندر بھاٹی کو جیور اسمبلی سے بی ایس پی کا امیدوار بنایا
لیکن جب محمد صفی کے دعوے کے مطابق ان کی موت نہیں ہوئی اور وقت گزر گیا تب پولیس نے بزرگ کو کسی طرح سمجھاکر واپس گھر بھیج دیا۔ یہ خبر سوشل میڈیا پر خوب وائر ہورہی ہے۔