ریاست اترپردیش کے ضلع بدایوں کے گاؤں رمضان پور میں بابا گونگے شاہ کے میلے کا انعقاد ہر سال دو مرتبہ کیا جاتا ہے۔ چھ ماہ پر عرس کی فاتحہ کا انعقاد ہوتا ہے اور سال گزر جانے پر ایک بڑے عرس و میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
رمضان پور میں میلے کے موقع پر پورے ضلع بھر سے مختلف علاقوں سے لوگ آکر یہاں فاتحہ خوانی کرتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے خاندان کے لیے ضروری سامان کی خریداری بھی کی جاتی ہے۔
یونس خان نامی مقامی فرد کا بابا گونگے شاہ کی درگاہ سے متعلق عوامی عقیدے کے بارے میں کہنا تھا 'یہاں آکر جو بھی منت یا دعا بابا کے توسط سے اللہ تعالی سے مانگی جاتی ہے وہ بارگاہ رب میں مقبول ہوتی ہے'۔
میلے کے اس موقع پر بابا بگونگے شاہ کے مزار پر مسلسل ایک ماہ تک چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ یہاں آنے والے لوگوں کا عقیدہ ہے کہ یہاں آکر ان کی بابا کے وسیلے سے اللہ تعالی سے جو بھی دعا مانگی جاتی ہے وہ قبول ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع بدایوں میں بہت سارے بزرگان دین کے مزارات موجود ہیں جہاں عقیدتمند مسلسل حاضری دیتے ہیں اور اللہ سے ان بزرگان دین کے صدقہ طفیل دعاگو ہوتے ہیں۔