ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں کورونا وائرس کے دور میں ایمبولینس سروس کے نام پر من مانے کرایہ اور لوٹ کھسوٹ کے معاملے سامنے آتے رہے ہیں۔ لگاتار موصول ہونے والی شکایات کے بعد نوئیڈا ٹریفک پولیس نے مریض اور ان کے اہل خانہ کے لئے آٹو ایمبولینس کی نئی سروس شروع کردی ہے۔ ڈی سی پی گنیش ساہا نے سیکٹر 14 میں واقع پولیس آفس میں آٹو ایمبولینس کی سہولت کا آغاز کیا۔
فورٹیس اسپتال کے تعاون سے تربیت دیئے جانے کے بعد ایمبولینس ڈرائیوروں کو حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے مریضوں کی مدد کرنے کی بھی تربیت دی گئی ہے۔ ڈی سی پی ٹریفک پی گنیش شاہ نے بتایا کہ پہلے دن ایمبولینس سے متعلق ضروری سامان نصب کرکے پانچ آٹو ایمبولینس روانہ کئے گئے۔ ان میں آکسیجن سلنڈروں کے علاوہ ریگولیٹرز ، آکسی میٹر، پی پی ای کٹس ، گلوس ، ماسک بھی دیئے گئے۔
ڈی سی پی نے بتایا کہ کورونا وبا کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی جانب سے 20 آٹوز کے ایک گروپ کو ایمبولینس اور آکسیجن گاڑی کے طور پر استعمال کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ جو ہنگامی حالات میں عام لوگوں کو فوری مدد فراہم کر سکیں گے۔ ضرورت مند افراد ٹریفک پولیس ہیلپ لائن نمبر 9971009001 سے آٹو ڈرائیو کا نمبر لے کر اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ آئندہ دنوں میں باقی آٹوز کو بھی اس سروس میں شامل کیا جائے گا۔