اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے نانپارہ کوتوالی علاقے میں شرپسند عناصر نے منگل کو فرقہ وارانہ ماحول بگاڑنے کی کوشش میں ایک پوجا کے مقام کو نقصان پہنچایا جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وپن کمار مشر نے بتایا 'لکھیا گاؤں باشندہ پنکج سونی نے گھر کے نزدیک ہی ذاتی طور سے شیومندر کی تعمیر کرائی تھی ۔کچھ شرپسندعناصر نے شیو لنگ کو کوئیں میں ڈال دیا۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی فورا کاروائی کرتے ہوئے شیولنگ کو کنوئیں سے نکال کر پھر سے وہیں رکھوا دیا'۔
مسٹر مشر نے بتایا 'جائے وقوع سے تقریبا سو میٹر کی دوری پر رادھا ۔کرشن کے مندر میں کرشن جی کی مورتی کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے اس کی بھی مرمت کرادی گئی ہے'۔
ایس پی نے کہا 'جن افراد نے امن و امان کو زک پہنچانے کی کوشش کی ہے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے سخت کاروائی کی جائےگی۔ موقع پر ایس ایس پی (دیہات)، سی او نانپارہ پولیس فورس کےساتھ موجود ہیں۔ پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔