کورونا وائرس کی دوسری خوفناک لہر آنے کے بعد لوگ اپنوں سے دور ہو رہے ہیں، ہسپتال میں بیڈز کم پڑ رہے ہیں، آکسیجن کی کمی ہے، طرح طرح کی پریشانیوں سے لوگ لاچار و بے بس ہیں۔ ایسے میں بنارس کے اشوک بہار کالونی کے رہائشی انور حسین عوام کی مدد کر مثال پیش کر رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے انور حسین نے کہا کہ مریم فاؤنڈیشن کے نام سے ان کی تنظیم ہے۔ گذشتہ برس ان کی ڈیڑھ برس کی بیٹی کی ایمبولینس میں موت ہو گئی تھی۔ ہسپتال نہیں پہنچ پائے تھے۔ اس کے بعد وہ کچھ دنو تک ذہنی طور پر پریشانیوں میں مبتلا رہے۔ پھر انہوں نے ہمت و حوصلہ کے ساتھ عوام کی خدمت کا عزم کیا۔
انہوں نے اپنی لگزری کار کو امبولینس میں تبدیل کر دیا، جو مفت میں عوام کے لیے خدمات دے رہا ہے۔ اب جب عوام کو آکسیجن کی سخت ضرورت ہے، آکسیجن کی کمی سے لوگ ہلاک ہورہے ہیں۔ ایسے میں انور حسین نے بنارس کے مختلف علاقوں سے اکسیجن سیلنڈر کو جمع کر اس میں ذاتی خرچ سے اکسیجن بھرا کر عوام کے مابین تقسیم کررہے ہیں۔ ساتھ میں ضروری ادویات بھی لوگوں کو مفت میں دے رہے ہیں۔
انہوں نے آکسیجن کی ایک مشین بھی منگائی ہے، جو 24 گھنٹے تک دو لوگوں کو آکسیجن فراہم کر سکتی ہے۔ انور حسین بتاتے ہیں کہ ہم نے اپنی ڈیڑھ سال کی بچی کی جان نہیں بچا پائی لیکن اب لوگوں کی خدمات کر کے ان کی زندگی بچانا ہمارے لئے خوش قسمتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوسری لہر میں تقریبا پچاس لوگوں کو آکسیجن سیلنڈر فراہم کیا ہے، جن میں بیشتر لوگوں کو جانتا بھی نہیں ہوں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بیٹی مریم کی یادوں کو لے کر ہم عوام کی خدمت ہمیشہ کرتے رہیں گے۔ بہت جلد ہی ایک ہسپتال تعمیر کرائیں گے، جس میں صرف بچوں کا علاج ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ہم بچیوں کو خود کفیل بنانے کے لئے ایک فیکٹری بھی قائم کریں گے۔ جس میں سلائی کی مشین ہوگی اور بچیوں کو ہنر سے آراستہ کیا جائے گا۔
انور حسین بنارس کے لوگوں کو مفت ایمبولینس فراہم کر رہے ہیں اور مفت میں آکسیجن اور دوائیں بھی تقسیم کر رہے ہیں۔ ان کی بے لوث خدمات کی صرف بنارس میں تعریف نہیں ہو رہی ہے بلکہ گردو نواح کے لوگ بھی ان سے خدمات حاصل کر رہے ہیں اور بے حد مشکور و ممنون نظر آ رہے ہیں۔