علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر (جنرل) نے طلباء کے لئے زیادہ سے زیادہ اور وسیع تر انتخاب کے امکانات کو بڑھانے کے لیے متعدد مثبت اقدامات کیے ہیں۔ ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر سعد حمید نے کہا کہ ٹی پی او نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، ہاسٹلوں میں مقیم طلباء و طالبات اور اسکولوں کے طلباء و طالبات کے لئے 35 کریئر گائیڈنس اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ پروگراموں کا انعقاد کیا۔
مخصوص رہنمائی اور مشاورتی سیشن کے علاوہ جاب فیئر بھی منعقد کئے گئے جن میں نامور کمپنیوں اور تنظیموں نے شرکت کی اور طلباء کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ انھیں کارپوریٹ دنیا کے رجحانات سے واقف کرایا۔ نومبر 2022 میں ایک روزہ جاب فیئر اور ایک اہم پروگرام سیراب کے عنوان سے منعقد کیا گیا جس میں 20 سے زائد کمپنیوں اور اداروں کی فعال شرکت دیکھنے کو ملی اور کمپنیوں نے مختلف عہدوں کے لیے 200 سے زائد طلباء کا انتخاب کیا۔
مئی 2023 میں منعقد ہونے والی ایک دیگر کارپوریٹ میٹ ’اگنائٹ‘ ڈجیٹل ٹرانسفارمیشن پر مرکوز تھی، جس میں 15 سے زیادہ کمپنیوں کے نمائندوں نے کارپوریٹ توقعات، چیلنجز، اور ڈجیٹل تبدیلی کے بعد ابھرنے والے مواقع پر پینل ڈسکشن میں حصہ لیا، جس سے طلباء و طالبات کو کاروباری اور کارپوریٹ دنیا کی تفہیم میں مدد ملی۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہندوستان کی جی 20 صدارت کے پروگراموں کے تحت ٹی پی او نے ستمبر 2023 میں طالبات کے لیے ایک روزہ جاب فیئر ’پرواز‘ کا انعقاد کیا جس کا مقصد طالبات کے لئے مواقع و امکانات تک رسائی کو آسان بنانا تھا۔
نومبر 2023 میں کریئر کارواں کے عنوان سے طلباء کی پیشہ ورانہ ترقی کے لئے بایوڈاٹا کی تیاری، لنکڈ اِن آپٹیمائزیشن، انٹرویو کی تیاری اور کارپوریٹ توقعات پر خصوصی سیشن منعقد کئے گئے۔ بوائز پولی ٹیکنیک آڈیٹوریم میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ ٹی پی او نے اے ایم یو کے مختلف اسکولوں کے اعلیٰ درجات کے طلبہ کے لیے کریئر کونسلنگ سیشن کا ایک سلسلہ منعقد کیا اور کریئر کا انتخاب کرنے میں طلباء کی رہنمائی کی۔ ٹی پی او ٹیم کے ارکان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مسٹر سعد حمید نے امید ظاہر کی کہ سال 2024 ملازمت کے متلاشی طلباء کے لیے بہتر سال ثابت ہوگا۔
انھوں نے کہاکہ بہت سے پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور جاب فیئر کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ مزید مواقع اور جاب فیئر کے لیے ٹی پی او کے ویب پیج کو دیکھتے رہیں، جو ان کے لیے نامور کمپنیوں اور اداروں میں اعلیٰ درجے کی نوکریوں کے دروازے کھول سکتا ہے۔ ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر کی یک سالہ کارکردگی پر مبنی رپورٹ کا اجراء اے ایم یو میں شعبہ انگریزی کے سربراہ اور رابطہ عامہ دفتر کے ممبر انچارج پروفیسر عاصم صدیقی نے ٹی پی او سعد حمید، اسسٹنٹ ٹی پی او ڈاکٹر جہانگیر عالم اور ڈاکٹر مزمل مشتاق کے ہمراہ کیا۔