علی گڑھ:عالمی شہرت یافتہ علیگڈھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کا شعبہ ریاضی اے ایم یو کے قدیم ترین شعبہ جات میں سے ایک ہے جس کی بنیاد 8 جنوری 1877 میں محمڈن اینگلو اورینٹل (ایم اے او) کالج کے قیام کے ساتھ ہی رکھی گئی تھی۔ جے سی چکرورتی، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد، ایم اے عزیز اور عبدالمجید قریشی جیسے عظیم ریاضی داں اس شعبہ سے وابستہ رہے ہیں۔
۔ شعبہ ریاضی کی سمینار لائبریری اپنی نوعیت کی خاص اور اہم لائبریری ہے۔ یہاں ریاضی کی ایک سے ایک نادر اور اہم کتابیں دستیاب ہیں۔
1877 میں محمڈن اینگلو اورینٹل کالج کے قیام کے بعد ہی سرسید احمد خان نے ایک اہم مضمون کی حیثیت سے ریاضی کی تعلیم دینا شروع کر دیا تھا۔ شعبہ ریاضی کی لائبریری اپنے آپ میں خاص ہے۔ لوگ دعوی کرتے ہیں کہ یہ ملک کی کسی بھی یونیورسٹی میں ریاضی کی سب سے قیمتی اور اہم لائبریری ہے اور اس کو ایشیا کی اس مضمون کی سب سے بڑی لائبریری سمجھا جاتا ہے۔
اے ایم یو کے شعبہ ریاضی کو یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ نے اپنی تازہ ترین رینکنگ (2023) میں ہندوستان میں ریاضی کے شعبہ جات میں اعلیٰ ترین مقام عطا کیا ہے اور اس نے عالمی سطح پر گزشتہ برس کی 175ویں رینک سے چھلانگ لگاتے ہوئے اس سال عالمی سطح پر 137 ویں پوزیشن حاصل کی ہے جس پر شعبہ اور یونیورسٹی میں خوشی و مسرت کا ماحول ہے۔
سائنس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر قمر الہدی انصاری نے بھی شعبہ کی اعلی ترین درجہ بندی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کو اساتذہ اور ریسرچ اسکالروں کی کئی برسوں کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت بتایا۔ شعبہ کی اس کامیابی کو ڈین نے شعبہ، یونیورسٹی اور ملک کی لئے ایک بڑی کامیابی بتایا۔
قابل ذکر ہے کہ یو ایس نیوز ایجوکیشن دنیا کے تحقیقی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے اعداد و شمار کی نگرانی کرتا ہے اور ان درجہ بندیوں کے ذریعے ہی دنیا بھر کے طلباء تدریس و تحقیق کے لئے معیاری اداروں کا انتخاب کرتے ہیں۔
صدر شعبہ پروفیسر محمد اشرف نے کہا کہ شعبہ کی پیش رفت، 56.8 کے شاندار مجموعی سبجیکٹ اسکور سے ظاہر ہوتی ہے، جس کی بدولت اس نے قومی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا۔ دوسری پوزیشن پر ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامنٹل ریسرچ (ٹی آئی ایف آر) ہے جس کی عالمی رینک 324 ہے۔ تیسری پوزیشن انڈین اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ (آئی ایس آئی)، کولکاتہ کو ملی جس کی عالمی رینک 342 ہے۔ 352 ویں عالمی رینک کے ساتھ آئی آئی ٹی، کانپور چوتھے مقام پر اور آئی آئی ٹی، مدراس اور آئی آئی ایس سی، بنگلور بالترتیب 372 اور 384 ویں عالمی رینک کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں ہندوستان کے صرف 6مذکورہ بالا ادارے شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ کی بلند شناخت قومی و بین الاقوامی سطح پر ریاضی کی تدریس و تحقیق میں شعبہ کے امتیاز کو واضح طور سے بیان کرتی ہے۔ یو ایس نیوز کے مطابق، موضوع کی درجہ بندی کلیریویٹ انالیٹکس کی جانب سے فراہم کردہ ڈاٹا پر مبنی ہے، جب کہ ببلیو میٹرک ڈاٹا، ویب آف سائنس پر مبنی ہے۔ یو ایس نیوز کی مذکورہ رینکنگ میں استعمال کئے گئے ببلیومیٹرک اشارئے 2018 سے 2021 کی پانچ سالہ مدت کے اعداد و شمار پر مبنی ہیں، تاہم حوالہ جات، تازہ ترین اعداد و شمار سے لئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Muslim Organisation In Muzaffarnagar مظفرنگر میں سماجی مساٸل اور معاشرہ کی اصلاح و تعمیر پر پروگرام
کچھ اشارئے جن پر درجہ بندی مبنی ہے، ان میں اشاعتیں، مجموعی حوالہ جات، کتابیں، کانفرنسیں،10 فیصد سب سے زیادہ حوالہ والی اشاعتیں اور بین الاقوامی اشتراک و تعاون وغیرہ شامل ہیں۔شعبہ کی اعلی ترین درجہ بندی پر شعبہ کے طلباء نے خوشی کا اظہار کیا اور اپنے آپ کو شعبہ کا طالب علم ہونے پر فخر محسوس کیا۔