سو کروڑ کووڈ-19 کی ویکسین کے جشن میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ویبینار کی صدارت کرتے ہوئے سبھی صحت کارکنوں کو مبارکباد پیش کی جن کی انتھک محنت کی بدولت ملک کووڈ 19 ٹیکہ کاری مہم میں ایک بلین ڈوز تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔
پروفیسر طارق منصور نے اپنے خطاب میں کہاکہ"مہم سے وابستہ ہر فرد، وزیر اعظم نریندر مودی، تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے وزرائے صحت اور ویکسین بنانے والے اس عظیم ٹیکہ کاری مہم کا کامیابی کے پس پشت کار فرما اہم ستون ہیں۔ سو کروڑ کوئی چھوٹی آبادی نہیں ہے، یہ کئی ممالک کی آبادی سے زیادہ ہے، ہم سب مل کر اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں"۔
وائس چانسلر نے سبھی متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بچوں کی ٹیکہ کاری کی تیاری کریں۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنے بچوں کو ویکسین دینے کی ضرورت ہے ایک بار جب ہم اسے حاصل کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں تو تعلیمی سرگرمیاں معمول پر آ سکتی ہیں۔ ہمیں تحقیق اور بچوں پر کلینکل ٹرائل پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، تاہم سلامتی ہماری سب سے بڑی فکر ہے، جب بھی ضرورت ہو گی اے ایم یو بچوں کے لیے ویکسین کے ٹرائل کے لیے تیار ہے۔"
- مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا ویکسین: 100 کروڑ کا تاریخی عدد پار
- 'سو کروڑ ویکسین کی خوراک کوئی اعداد و شمار نہیں، بلکہ ایک نئے باب کا آغاز ہے'
ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی امیونائزیشن آفیسر اور جوائنٹ ڈائریکٹر، کنبہ بہبود حکومت اترپردیس، ڈاکٹر اجے کھئی نے بھی ٹیکہ کاری مہم میں اے ایم یو کی کوششوں اور ویکسین کے کلینکل ٹرائل کے دوران یونیورسٹی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ"ہمیں اپنی کارروائیاں تیز کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ ہمارے پاس اب بھی ایک بڑی آبادی ہے جسے ویکسین لگانا ہے۔"