علی گڑھ: ماں کو بچوں کو دودھ پلانے کی اہمیت پر زور دینا چاہیے۔ زندگی کی بہترین شروعات کے طور پر ماں کا دودھ پلانا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ دودھ چھوٹے بچوں کے لیے محفوظ، غذائیت سے بھرپور اور قابل رسائی خوراک کی ضمانت دیتا ہے۔ ماں کا دوودھ چھوٹے بچوں کی غذائی قلت کی تمام اقسام بشمول بیماری اور ضیاع کے خلاف ایک طاقتور وسیلہ فراہم کرتا ہے۔ دودھ پلانا بچے کی پہلی ویکسین کے طور پر بھی کام کرتا ہے، جو انہیں بچپن کی عام بیماریوں سے بچاتا ہے۔
عالمی بریسٹ فیڈنگ ہفتہ (یکم اگست سے سات اگست) کے موقع پر نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلانے کے بارے میں خواتین میں بیداری پیدا کی جا سکے کے مقصد سے تقریب کا اہتمام علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں کیا گیا۔ہوم سائنس شعبہ میں منعقدہ پروگرام میں حاضرین کو بتایا گیا کہ دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے باجرہ بہت فائدہ مند ہے۔ اسے غذا کا حصہ بنانا چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری اسکیموں کے فوائد سے خواتین کو باخبر کرنا چاہئے۔
افتتاحی پروگرام میں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر شعبہ ڈاکٹر صبا خان نے پروگرام کے موضوع اور مقاصد پر روشنی ڈالی اور نومولود بچوں کے لیے ماں کا دودھ پلانے کی اہمیت پر زور دیا۔پروفیسر فرزانہ علیم نے کہا کہ نومولود بچوں اور دودھ پلانے والی ماؤں دونوں کی صحت کے لیے یہ ضروری ہے کہ مائیں بچوں کو اپنا دودھ پلائیں۔
ریسرچ اسکالر صحیفہ شاہین نے پروگرام کے مقاصد پر مختصراً گفتگو کی، جب کہ ایک دیگر ریسرچ اسکالر ارچنا گپتا نے ہفتہ بھر کے پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ ریسرچ اسکالر صحیفہ شاہین، غوثیہ، پریتی کماری اور مہر جبیں تمنا نے ڈاکٹر تیجو رحیم (شعبہ کمیونٹی میڈیسن) کے ہمراہ اربن ہیلتھ سنٹر، جمال پور کا دورہ کیا اور مریضوں کے ساتھ گفت و شنید کی تاکہ انہیں پستان کا دودھ پلانے اور موٹے اناج کو ماؤوں کی غذا میں شامل کرنے کے سلسلہ میں حساس بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:Kangaroo Mother Care Programme کولکاتا میں کینگرو مدر کیئر پروگرام کی شروعات
اس موقع پر ہوم سائنس شعبہ میں تیار کیے گئے جوار کے آٹے کے پیکٹ دودھ پلانے والی خواتین میں تقسیم کیے گئے اور مہر جبیں تمنا نے ان کی غذائی اہمیت پر بات کی۔کالج آف نرسنگ میں پروفیسر ایس مناظر علی، شعبہ امراض اطفال، جے این میڈیکل کالج، اے ایم یو نے بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت پر ایک لیکچر دیا جس میں بچوں اور ماؤں کے لیے دودھ پلانے کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی۔