علی گڑھ: سابق آل راؤنڈر بھارتی کرکٹ ٹیم کے رکن مدن لال نے اپنے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے دورے کے دوران شعبہ ترسیل عامہ کے فرینک اینڈ ڈیبی اسلام آڈیٹوریم میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور ڈسپلن کی پابندی کامیابی کے لئے بہت ضروری ہے۔ بہترین کارکردگی کے حصول میں نظم و ضبط کا بنیادی کردار ہے۔
طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مدن لال نے کہاکہ زندگی میں ہمیں یہ جاننا چاہیے کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ہے۔ اسی کے ساتھ نظم و ضبط، ڈسپلن اور ایمانداری کو اپنی عادت بنانا چاہئے، کیونکہ زندگی میں کامیابی صرف وقت کی پابندی اور سخت نظم و ضبط سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ میں سب سے پہلے اپنے شاگردوں کو نظم و ضبط اور مہذب طرز عمل سکھاتا ہوں تاکہ وہ اچھے انسان بنیں اور کرکٹر کے طور پر بھی بہترین کارکردگی کے لئے خود کو تیار کریں۔اے ایم یو دورے پر مدن لال نے یونیورسٹی کے کرکٹ گراؤنڈ اور یہاں کی تاریخی عمارتوں کو بھی دیکھا اور کارگزار وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز سے بھی ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: AMU Students Qualify For UPSC اے ایم یو، آر سی اے کے چھ طلباء، یوپی ایس سی- سول سروسیز کے امتحان میں کامیاب
واضح رہے علیگڑھ میں کھیلا جانے والا پہلا کھیل کرکٹ تھا۔ 1936 میں جب نظام حیدرآباد میر عثمان علی خان اے ایم یو کے چانسلر بنے تو انہوں نے یونیورسٹی کو بہت بڑا عطیہ دیا جس کے بعد اے ایم یو ولنگڈن پویلین قائم کیا گیا۔ سابق بھارتی کپتان کپل دیو، کیرتی آزاد، منصور علی خان پٹودی، رضوان شمشاد سمیت کئی کھلاڑی یہاں ولنگڈن پویلین کے گراؤنڈ میں کھیل چکے ہیں۔ اسلم علی، شمشاد علی، مشتاق علی بھی یہاں کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ آزاد ہندوستان کے کرکٹ کپتان لالہ امرناتھ نے بھی یہاں کرکٹ کی باریکیاں سیکھیں۔