ریاستی کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے بدھ کو یہاں بتایا کہ 'صحافی کا قتل جنگل راج کے حالات کو بیاں کرتے ہیں۔ ریاست میں جرائم پیشہ افراد بے خوف ہوچکے ہیں۔ وہ پولیس اہلکار، صحافی یا کسی کو بھی قتل کرنے سے نہیں ڈرتے ہیں۔ ریاست میں نظم ونسق بگڑ چکا ہے۔ عام لوگوں میں ڈر کا ماحول ہے۔ خواتین گھروں سے نکلنے سے خوف کھارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'صحافی کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے اپنی بھانجی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعہ کی شکایت پولیس سے کی تھی۔ سچائی تو یہ ہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نظم ونسق کو سنبھالنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ انہیں اب استعفی دے کر گورکھپور واپس لوٹ جانا چاہئے۔ گورکھپور انہیں بلا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسمبلی کے سامنے خودسوزی کرنے والی خاتون کی موت
قابل ذکر ہے کہ غازی آباد وجے نگر علاقے میں پیر کو نامعلوم افراد نے صحافی وکرم جوشی کو اس وقت گولی مار دی تھی جب وہ موٹر سائیکل سے کہیں جارہے تھے۔ جوشی کی بدھ کی علی الصبح دوران علاج موت ہوگئی۔ پولیس نے اس معاملے میں اب تک نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ شکایت کے بعد کاروائی نہ کرنے کی پاداش میں چوکی انچارج کو معطل کردیا گیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ سرکل افسر کررہے ہیں۔