ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں واقع ضلعی ہسپتال میں کافی عرصہ سے ایمبولینس کے داخلہ پر چل رہی پابندی کے خلاف آج عام آدمی پارٹی نے درجنوں ایمبولینس کلیکٹریٹ لےجاکر داخلہ عائد پابندی کو ہٹانے کی مانگ کی۔
مریضوں کو ہسپتال تک لے جانے کے لئے ایمبولینس سے بہتر کوئی متبادل نہیں مانا جاتا ہے۔ لیکن رامپور کے ضلع ہسپتال میں ایک لمبے عرصے سے ایمبولینس کے ہسپتال میں داخل ہونے پر پابندی عائد ہے، جس کی وجہ سے تیماردار اپنے مریضوں کو ہسپتال کے دروازے تک تو لے آتے ہیں لیکن ایمرجنسی وارڈ اور دیگر وارڈ تک جانے لئے تیماردار مریض کو یا تو اپنی موٹر سائیکل پر لیکر جاتے ہیں یا ان کو کسی طرح رکشہ میں بٹھا کر لیکر جانا پڑتا ہے۔
عآپ کے رہنما فیصل کی قیادت میں ایمبولینس ڈرائیور اپنی درجنوں ایمبولینس کے ساتھ کلیکٹریٹ پہنچے اور انہوں نے ہسپتال میں ایمبولینس کے داخلہ پر پابندی کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
فیصل خان لالا نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں پرائیویٹ ایمبولینس کے داخلے پر روک کو فوری ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال آنے والے اکثر مریضوں کو فوری طور آکسیجن کی ضرورت ہے لیکن گیٹ سے ایمرجنسی وارڈ یا کسی دیگر وارڈ تک جب مریض کو بغیر ایمبولینس لے جایا جاتا ہے تب تک مریض کی حالت کافی بگڑ جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: انسانی حقوق کمیشن کا نوئیڈا پولیس کو نوٹس
انہوں نے کہا کہ اگر ایمبولینس سے مریض اپنے وارڈ تک جائیں گے تو ان کو آکسیجن بھی فراہم ہو سکے گی۔ اس لئے جتنا جلدی ہو سکے۔ ایمبولینس کے داخلہ کو بحال کیا جائے۔