اترپردیش: شاملی میں پولیس کی چیکنگ کے دوران ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے ایک شخص کو ایک XUV گاڑی سے AK-47 رائفل، پانچ میگزین اور 1300 کارتوس کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ اسی دوران اس کے دو دوست موقع پاتے ہی وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق AK-47 رائفل مغربی یوپی کے کئی بدنام گروہوں کے درمیان جاری گینگ وار کی وجہ سے خریدی گئی تھی۔ درحقیقت، چیکنگ کے دوران شاملی ضلع کی تھانہ بھون پولیس نے مظفر نگر کے بھوراکلاں تھانہ علاقے کے ہڈولی ماجرا گاؤں کے رہنے والے انیل عرف پنٹو کو ایک XUV گاڑی سے اے کے 47 رائفل، 1300 کارتوس، 5 میگزین سمیت گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس کے دو نامعلوم ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ ایس پی شاملی سکریتی مادھو نے بتایا کہ گرفتار ملزم انیل عرف پنٹو اور اس کے گاؤں کے دوست انیل بونجی کی مغربی یوپی کے بدنام زمانہ مجرم دھرمیندر کرتھل سے دشمنی چل رہی تھی۔ اس کی وجہ سے اس نے مغربی یوپی کے ایک اور بدنام زمانہ مجرم سنجیو جیوا سے رابطہ کرتے ہوئے گینگ وار کے لیے 11 لاکھ روپے میں AK-47 رائفل خریدی تھی۔ ایس پی سکریتی مادھو نے بتایا کہ گرفتار ملزم انیل عرف پنٹو ویسٹ یوپی کے بدنام زمانہ گینگسٹر وکی تیاگی کے قتل کے الزام میں جیل جا چکا ہے۔ جبکہ اس کا ساتھی انل بنجی میرٹھ کے ایک زرعی اسکول کے ڈین پر حملے کے الزام میں جیل میں ہے۔ ساتھی کے جیل جانے کے بعد پنٹو نے AK-47 رائفل کو یوپی کے باہر محفوظ گھر میں چھپانے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن چیکنگ کے دوران پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔