کانپور: جمعت العلماء ہند کانپور یونٹ کی جانب سے چلائی جانے والی نشہ مخالف و صفائی بیداری مہم کا آغاز جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ سے سدبھاؤنا چوکی پریڈ تک نشہ مخالف و صفائی بیداری ریلی نکال کر کیا گیا۔ جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے نشہ سے ہونے والے نقصانات سے لوگوں کو بیدار کیا اور سماج کو نشے کی لعنت سے پاک کرنے کے ساتھ ہی اپنے علاقہ، محلہ اور گلیوں کو صاف ستھرا رکھنے کا عزم کیا۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری وریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ کسی بھی سماج اور ملک کی ترقی کیلئے اس کے باشندگان کا جسمانی اور مالی اعتبار سے مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، لیکن نشے کی لت انسانوں کو دونوں ہی اعتبار سے کمزور کرتی ہے۔
مولانا نے موجود تمام لوگوں کو حلف دلایا کہ ہم اپنے گھر، سماج، محلہ، شہر اور ملک کو نشے اور گندگی جیسی لعنت سے پاک کریں گے۔ نشہ اور گندگی ہر انسان کا، ہمارے گھر، سماج کا دشمن ہے۔ اس دشمن سے ہمیں خود بھی بچنا ہے اور اپنے سماج کو بھی بچانا ہے۔
اسی مقصد کے تحت جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام نشہ مخالف اور صفائی بیداری ریلی نکالی جا رہی ہے، جو لوگ نشے میں مبتلا ہیں وہ جمعیۃ علماء کے ذمہ داران سے آکر ملاقات کریں، وہ انہیں نشے سے نجات پانے کے طریقوں کے بارے میں بتائیں گے۔ جب ہمارے ملک اور سماج سے نشے کی عادت ختم ہوگی، ہمارا معاشرہ صاف ستھرا ہوگا، تبھی امن و سکون قائم ہوگا، برائیوں کا خاتمہ ہوگا۔ مولانا نے کہا کہ نشہ مکت سماج اور صاف ستھرا شہر ملک اور انسانیت کی اولین ضرورتوں میں سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اولمپک میڈلسٹ پہلوان بجرنگ پونیا نے پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کردیا
واضح ہو کہ اس ریلی میں نشہ مخالف نعرے لکھے ہوئے بینر لے کر لوگ آگے آگے چل رہے تھے، عوام کے ہاتھوں میں تختیاں تھیں جس میں تحریر درج تھا ”نشہ ایک سماجی برائی، صفائی نصف ایمان ہے، نشہ انسانوں کو حیوان بنانے کا ذریعہ، صفائی سے صحت، صفائی سے زندگی، نشہ جرائم بڑھانے کا سبب، اسلام میں طہارت اور نظافت کی بہت ترغیب دی گئی ہے، نشہ خاندانوں کو بربادی کی طرف لے جانے والا، نشہ عقل وخرد کا دشمن، صفائی کیلئے صاف ستھرا ہونا ضروری ہے، صفائی ستھرائی صحت مند معاشرہ کی بقاء، گھر کے باہر کی صفائی ہماری ذمہ داری، صاف ستھرا محلہ صحت کی گارنٹی، گھر کا کوڑا کوڑے دان کے اندر رکھیں اور جب صفائی ملازم آئے تو اس کے سپرد کر دیں۔