ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کی کوتوالی دیہات پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے گاڑی چور گروہ کے پانچ اراکین کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے ایک چور ریلوے محکمہ میں ٹی ٹی ای کا کام بھی کرتا تھا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 4 موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے۔
سہارنپور پولیس کی جانب سے گاڑی چوری کرنے والے چوروں کے خلاف چلائی جانے والی ایک کریک ڈاؤن مہم کے تحت ان چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کپتان کی ہدایت پر سٹی اور سرکل آفیسر کی قیادت میں آج سہارنپور کی کوتوالی دیہات پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔
سہارنپور ایس پی سٹی راجیش کمار نے پریس کانفرنس کے ذریعہ بتایا کہ آج ہم نے گاڑی چور گروہ کے پانچ اراکین کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کو گذشتہ کافی دنوں سے ان چوروں کی تلاش تھی۔ یہ گروہ علاقہ میں گاڑی چوری کی کئی وارداتوں کو انجام دے چکا ہے۔ یہ گروہ پورے ضلع سے موٹر سائیکل کی چوری کرنے کے بعد انہیں دوسرے اضلاع یا ریاستوں میں فروخت کرتا تھا۔
مزید پڑھیں:نوئیڈا: بین ریاستی گاڑی چور گروہ کے ارکان گرفتار
پولیس نے بتایا کہ ان چوروں میں سے ایک کباڑی بھی ہے، جو چوری شدہ گاڑیوں کو کاٹ کر اس کے پرزے کو فروخت کرتا تھا۔ ساتھ میں اس گروہ کا ایک ممبر امبالا کے ریلوے اسٹیشن میں بطور ٹی ٹی ای کا کام بھی کرتا تھا۔ ضبط شدہ گاڑیوں میں دو اسکوٹی، ایک اپاچے بائک اور ایک کٹی ہوئی گاڑی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس نے پانچ چوروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے چار موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہیں۔