ضلع رامپور محکمہ صحت اس مہلک بیماری کورونا وائرس کے خلاف ہر ممکن اقدامات کر کے اس کے خاتمے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ضلع کے مختلف مقامات پر کورنٹائن سینٹرز اور آئیسولیشن وارڈز بنائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ نے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمان اعظم خاں کی محمد علی جوہر یونیورسٹی کے میڈیکل کالج کو بھی فی الحال کورنٹائن سینٹر اور آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کے مقصد سے کھلوا لیا ہے۔
ضلع کے مختلف مراکز میں تقریباً 126 افراد کورنٹائن میں ہیں جن میں سے 4 افراد کی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے باقی تمام افراد کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ لیکن یہ تمام افراد ابھی 14 دن تک کورنٹائن پر ہی رہیں گے۔ یہ اطلاع آج ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر منوجکمار شکلا نے دی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں 177 افراد کورنٹائن کیے گئے تھے۔ 28 دن مکمل ہونے پر جن کی کوئی کورونا علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔ ان میں سے 51 افراد کو چھٹی دے کر ہوم کورنٹائن کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ابھی رامپور کے مختلف مراکز میں 126 افراد کوارنٹین میں ہیں۔ رامپور سے کل 213 سیمپل بھیجے گئے تھے اس میں سے 162 سیمپل منفی آئے ہیں جبکہ 4 سیمپل کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ابھی 40 سیمپل کی رپورٹ کا انتظار ہے۔