ریاست اتر پردیش کے ضلع بلیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 202 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ وہیں ڈسٹرکٹ جیل میں بھی قیدیوں کو کورونا متاثر پایا گیا ہے جس کے بعد بلیا ڈسٹرکٹ جیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ قیدیوں کی تعداد 160 ہوگئی ہے۔
قیدیوں کے کورونا متاثر ہونے کے بعد محکمہ صحت کی دو ٹیمیں ڈسٹرکٹ جیل میں موجود تمام قیدیوں کے نمونے اکٹھا کررہی ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ سری ہری پرتاپ شاہی نے بتایا کہ 'دو دن پہلے کچھ قیدیوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا، جن میں سے 16 مثبت پائے گئے۔ اس کے بعد مزید قیدیوں کی جانچ کرائی گئی، جن میں سے 12 قیدی متاثر پائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 'جیل میں اب تک مجموعی طور پر 160 قیدیوں میں انفیکشن کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ '150 مزید قیدیوں کا نمونہ لیا جارہا ہے۔ جیل میں 8 بیرک ہیں، جن میں سے تین بیرک کے قیدیوں کو الگ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اتنی بڑی تعداد میں قیدیوں کے مثبت ہونے کی وجہ سے ایک کمپاؤنڈ کے تین بیرکوں کو آئسولیشن وارڈ بنایا گیا ہے۔ متاثرہ مریضوں کو دو بیرکوں میں رکھا جارہا ہے۔
شری ہری پرتاپ شاہی نے کہا کہ 'ضلعی انتظامیہ ضلع کے ساتھ ساتھ جیل کی حالت پر بھی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'جو بھی قیدی متاثر پائے گئے ہیں ان میں کوئی تشویسناک حالت میں نہیں ہے۔ تمام قیدیوں کو گرم پانی، آیورویدک اور ایلوپیتھک دوائیں فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ صحت کی ایک ٹیم ان کا روزانہ جانچ کرے گی۔