ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر میں کورونا کا خوف بدستور جاری ہے۔ عام آدمی کے ساتھ ساتھ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیس اہلکار بھی اس کے قہر سے بچ نہیں پارہے ہیں۔
ضلع میں 136 پولیس اہلکار کووڈ ۔19 کے انفیکشن کا شکار ہو چکے ہیں۔ متاثرہ افراد میں سینئر پولیس افسران، انسپکٹر اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر پولیس ہیڈ کوارٹر میناکشی کتیان کے مطابق پولیس کمشنریٹ میں تعینات 136 پولیس اہلکار کووڈ 19 سے متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ پولیس اہلکاروں میں دو اسسٹنٹ پولیس کمشنر ، متعدد ایس ایچ او، انسپکٹر ، سب انسپکٹر ، کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میں آنے والے کچھ پولیس اہلکاروں کو قرنطین کردیا گیا ہے۔ اس وقت تمام پولیس اہلکار زیر علاج ہیں۔ ان کی حالت اب نارمل ہے۔انہیں کووڈ ۔19 ویکسین دی گئی ہے۔ بروقت علاج ہونے کی وجہ سے پولیس اہلکار جلد صحت یاب ہو رہے ہیں۔
گذشتہ سال ضلع میں کووڈ ۔19 کے انفیکشن کے باعث دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ اتوار کو ضلع جیل سپرنٹنڈنٹ کے بھائی کی کورونا سے موت ہو چکی ہے۔
ڈی سی پی نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو کورونا انفیکشن سے بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ کووڈ 19 ڈیسک ہر تھانے میں بنائے گئے ہیں۔ سینٹائزیشن کا استعمال کیا جارہا ہے۔ پولیس کے ذریعہ گرفتار ملزمان کا بھی کووڈ ٹیسٹ کرایا جارہا ہے۔ تھانوں اور چیکنگ پوائنٹس پر تعینات پولیس اہلکاروں کو پی پی ای کیٹ ، گلوس ، ماسک ، سینیٹائزر فراہم کیے جارہے ہیں۔