ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے شہر نوئیڈا میں کورونا مثبت مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آج کورونا مریضوں کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 12 نئی مثبت رپورٹ موصول ہوئی ہیں۔ اس طرح سے ضلع میں اب کورونا کے 179 مریض ہو چکے ہیں۔
لاک ڈاؤن کا تیسرا مرحلہ آج سے شروع ہو گیا ہے۔ تاہم، گوتم بدھ نگر ضلع، شہر نوئیڈا میں کورونا مثبت مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تاہم، بڑھتے ہوئے مریضوں میں بھی راحت کی خبر ہے۔ اب تک ضلع میں 102 افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں، جبکہ 77 افراد ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
خبر کے مطابق غازی آباد کی کھوڈا کالونی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو کچھ دن قبل شہر نوئیڈا کے سیکٹر 24 میں واقع ای ایس آئی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی بگڑتی ہوئی حالت کے پیش نظر انہیں نوئیڈا کے سیکٹر 137 میں فلکس ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ وہاں مریض کو کورونا کے معائنے کے لیے نمونہ لیا گیا۔ اتوار کے روز کی رپورٹ میں مریض کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی تھی، اسی دوران مریض کی موت ہو گئی ہے۔