جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور میں پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت سڑکوں کا جال بچھ چکا ہے۔ سڑکیں ضلع کے دور دراز کے علاقوں میں پہنچائی گئی ہیں۔ مزید جگہوں پر سڑکیں پہنچانے کا کام جنگی سطح پر جاری ہے۔
اسی ضمن میں گزشتہ 18 ماہ میں ضلع ادھمپور میں ریکارڈ 257.76 کلومیٹر سڑک بن کر تیار ہوئی ہے جس کا لوگوں کو فائدہ مل رہا ہے۔ وہیں ضلع کے دور دراز کے لوگوں نے انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اس قدم کی سراہنا کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گزشتہ دنوں ضلع ترقیاتی کمشنر پیوش سنگلا نے افسران کے ساتھ ایک اجلاس میں ضلع میں بنائی جا رہی پردھان گرامین سڑک یوجنا کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع نے گزشتہ 18 ماہ میں پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کی تعمیر میں بہتری لائی ہے۔ اس ریٹ میں جموں و کشمیر یوٹی کے سبھی اضلاع میں ادھمپور نے ٹاپ کیا ہے۔
گزشتہ برس منظور شدہ 3075 کلو میٹر سڑک میں سے 1876 کلومیٹر سڑک بن کر تیار ہو گئی ہے، جس سے 370 بستیوں میں رہنے والے لوگوں کو فائدہ ملے گا اور وہ سیدھے طور سے ضلع سے منسلک ہو سکیں گے۔ جاری مالی سال کے دوران 257.26 کلومیٹر سڑک کا تعمیری کام کیا گیا ہے جوکہ یو ٹی سطح پر سب سے زیادہ ہے جبکہ اسے تعمیر کرتے ہوئے 950 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
پیوش سنگلا نے سڑک کے تعمیری کام میں لگی ہوئی کمپنیوں و ٹھیکیداروں کو کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ ضلع کے کئی گاؤں دو دہائیوں سے سڑک سے دور تھے انہیں سڑک کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
ضلع میں تھاتھی، منانو سڑک راستہ، رٹی کپرلا، سر گڑھی، تینتھا نیلی نالا سڑک، مانسر سے سورپ سڑک، مونڈ سے پٹن تک کی سڑک کے کام کو ریکارڈ وقت میں پورا کیا گیا ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر پیوش سنگلا نے افسران اور تعمیراتی کام میں لگی ہوئی کمپنیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کا ان کا ہدف ہے، جسے پورا کرنے کے لیے کام میں تیزی لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ادھم پور: میٹاڈور پلٹنے سے 8 مسافر زخمی
انہوں نے کہا کہ ضلع کے آخری کونے میں رہنے والے آدمی کو سڑک کے ساتھ جوڑنے کی ان کی ترجیح ہے، جسے وہ پورا کریں گے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے پہنچائی جانے والی ہر سہولت کو زمینی سطح پر لاگو کیا جائے گا۔ وہیں ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت تعمیر کی جا رہی سڑک سے محض گاؤں کو سہولت دینے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گاؤں کو شہروں کے برابر سڑک سہولت مہیا کروانے کا کام کر رہے ہیں، جس میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کاموں کو بھی پورا کرنے کے لیے وہ دن رات دیگر افسران کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جس دن شہر کی پوری سہولت گاؤں میں ملے گی۔