جموں:مرکزی حکومت نے چند روز قبل ادھمپور ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کر دیا ہے۔ یہ اسٹیشن اب "شہید کیپٹن تشار مہاجن ریلوے اسٹیشن" کے نام سے جانا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں جموں و کشمیر انتظامہ کو باضابطہ طور پر مطلوبہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے ایک مکتوب بھیجا تھا۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے جمعہ کے روز مرکزی حکومت کے اس حکم نامے پر عمل کرتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں یہ کہا گیا ہیں کہ مرکزی سرکار کی سفارشات کے ساتھ ہی اب ادھمپور ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے "شہید کیپٹن تشار مہاجن ریلوے اسٹیشن" ہوگا
بتادیں کہ کچھ روز قبل مرکز وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سماجی رابطہ سائٹ ایکس پر لکھا کہ " حکومت ہند نے ادھمپور ریلوے اسٹیشن کا نام 'شہید کیپٹن تشار مہاجن ریلوے اسٹیشن' رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں ایک خط حکومت جموں و کشمیر کو باضابطہ طور پر ضروری گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔ جس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ۔"
واضح رہےکہ کیپٹن تشار مہاجن 9 پیرا (بھارتی فوج کی اسپیشل فورسز) کے افسر تھے اور وہ فروری 2016 میں پلوامہ میں جموں و کشمیر انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت پر عسکریت پسندوں کے حملے میں مارے گئے تھے۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے نام تبدیل کرنے کا حکم گزشتہ سال منظر عام پر آیا تھا، حکومت کا خیال ہے کہ سڑکوں اور عمارتوں کے نام تبدیل کرنے سے بچوں کو کشمیر کی 'اصل تاریخ 'کے بارے میں بتایا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ سرکاری عمارتوں کے نام صرف فوجیوں اور پولیس والوں کے ناموں تک ہی محدود نہیں، بلکہ کئی کالجوں اور اسکولوں کے نام ادیبوں، گیت نگاروں، فنکاروں کے نام پر بھی رکھے گئے ہیں۔